ولی بابر قتل کیس ، فیصل موٹا نے اپنی سزا کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا

بدھ 15 اپریل 2015 04:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اپریل۔2015ء)نجی ٹی وی چینل کے رپورٹرولی بابر قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے مجرم قرار دیئے جانے والے فیصل محمود عرف فیصل موٹا نے اپنی سزا کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔فیصل محمود نے اپنی درخواست میں موٴقف اختیار کیا ہے کہ سزا سناتے وقت قواعد کو نظر انداز کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سزائے موت میری غیر موجودگی میں سنائی گئی لہذا صفائی کا موقع دیا جائے۔

یاد رہے کہ فیصل محمود کو 11 مارچ کو رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار کیا تھا۔ولی خان بابر قتل کیس کے مجرم فیصل موٹا کو کندھ کوٹ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سزا سنائی تھی۔واضح رہے کہ شکار پور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے صحافی ولی خان بابر قتل کیس میں ملوث دو ملزمان کو سزائے موت جبکہ چار کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل کے لیے کام کرنے والے ولی بابر کو 13 جنوری 2011ء کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔شکار پور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اشتہاری ملزم کامران عرف ذیشان اور فیصل موٹا کو سزائے موت سنائی تھی۔یاد رہے کہ کیس سے منسلک پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد کو بھی قتل کیا جا چکا ہے۔اس سے قبل محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے اس اہم کیس کو کندھ کوٹ اور کشمور کی مشترکہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت منتقل کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :