خیبر پختونخوا کے 4 اضلاع میں پولیو مہم ملتوی، انسداد پولیو مہم کی گزشتہ ٹیموں کی ناقص کارکردگی کے باعث مہم ملتوی کی گئی

منگل 14 اپریل 2015 05:02

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 اپریل۔2015ء ) صوبہ خیبر پختونخواہ میں پولیو ٹیموں کی خراب کارکردگی پر صوبے کے 4 اضلاع میں 'صحت کا اتحاد' پروگرام کے تحت چلائی جانے والی 3 روزہ انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے ذرائع کے مطابق ضلع سوات، صوابی، لکی مروت اور بونیرمیں انسداد پولیو مہم کی گزشتہ ٹیموں کی ناقص کارکردگی کے باعث مہم ملتوی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ اضلاع میں ٹیموں کی کارکردگی خراب رہی ہے اور ہدف کے مطابق ان اضلاع میں بچوں کو ویکسین نہیں پلائی گئی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ناقص کارکردگی پر وضاحت کے لیے متعلقہ 4 اضلاع کے ذمہ داران کو طلب کر لیا گیا ہے۔دوسری جانب صوبے کے 20 اضلاع میں پیر کو 'صحت کا اتحاد' مہم کا پانچواں مرحلہ شروع ہو گیا۔

(جاری ہے)

ای او سی کی ایک رپورٹ کے مطابق 230 ہائی رسک یونین کونسلز میں چلائی جانے والی مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 14لاکھ 63 ہزار 386 بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

مہم کے لیے 4 ہزار 240 موبائل اور395 فکسڈ ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جبکہ 141 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی مقرر کیے گئے ہیں۔پشاور میں 2 روزہ جبکہ دیگر اضلاع میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم چلائی جا رہی ہے۔افغانستان اور نائیجریا کے ساتھ پاکستان دنیا کے ان تین ملکوں میں شامل ہے جہاں اس مہلک بیماری سے بچوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہے، لیکن ملک بھر میں کافی عرصے سے مسلسل پولیو ٹیموں کو نشانہ بنائے جانے کے باعث یہ مہم متاثر ہورہی ہے۔جبکہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے پاکستان کو پولیو کے 80 فیصد کیسز کا ذمہ دار قرار دے کر سفری پابندیاں بھی عائد کی جا چکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :