بجلی کی بچت کی خصوصی مہم کے سلسلہ میں آٹھ بجے دوکانیں دس بجے شادی ہال اور گیارہ بجے تک ریسٹورنٹ بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے گا،چوہدری عابد شیر علی ،مئی کے آخر تک مزید 17سو سے 18سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی جس سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی واقع ہو گی ،فیسکو ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر گفتگو

منگل 14 اپریل 2015 04:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی کی بچت کی خصوصی مہم کے سلسلہ میں آٹھ بجے دوکانیں دس بجے شادی ہال اور گیارہ بجے تک ریسٹورنٹ بند کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے گا،مئی کے آخر تک مزید 17سو سے 18سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں آجائے گی جس سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی واقع ہو گی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ روز فیسکو ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے وفاقی وزیر مملکت برائے پانی وبجلی نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف خصوصی مہم کے دوران ملک بھر میں لاکھوں یونٹس بچائے گئے جبکہ بجلی کے کنکشن کے درخواستیں دینے والوں کو بھی بلا امتیاز میرٹ کی بنیاد پر کنکشن فراہم کئے گئے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ پچھلے ادوار میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کی دیکھ بھال وغیرہ کا کام نہیں ہوا ۔

انھوں نے کہا کہ اوور لوڈ پاور ٹرانسفارمر اور گرڈسٹیشنوں کی بہتری کیلئے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں تاکہ موسم گرما میں اس کے ثمرات صارفین تک پہنچیں۔ انھوں نے کہا کہ بجلی کی بچت کی خصوصی مہم کے دوران وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق آٹھ بجے دوکانیں دس بجے شادی ہال اور گیارہ بجے تک ریسٹورنٹ بند کرنے کے فیصلے پر بھی عمل درآمد کروایا جائے گا تاکہ من حیث القوم ہم توانائی بحران کے برے اثرات کو کم سے کم کر سکیں۔

اس سلسلے میں میڈیا بھی حکومت کی مدد کرے اور عوام الناس میں بجلی کی بچت کا شعور اجاگر کر ے۔ انھوں نے انجئنئیرز اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ صارفین سے رابطہ کو مزید بہتر بنائیں غفلت اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر مملکت پانی و بجلی نے چیف ایگزیکٹو فیسکو سمیت دیگر کمپنیوں کو موسم گرما اور ماہ رمضان المبارک کیلئے لوڈمینجمنٹ کا پلان تیار کرنے کی ہدایات دیں ۔