ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت منسوخی کیس دو مہینے کے لئے ملتوی ۔ ٹرائل کورٹ کو ذکی الرحمان لکھوی کیس مکمل کرنے کے احکامات جاری ،خالی بیانات اور الزامات پر کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔جسٹس نورالحق این قریشی

منگل 14 اپریل 2015 04:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 اپریل۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممبئی حملہ کیس میں مبینہ ملزم ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے دائر کی گئی ضمانت منسوخی کیس دو مہینے کے لئے ملتوی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ ٹرائل کورٹ کو ذکی الرحمان لکھوی کیس مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ جسٹس نورالحق این قریشی نے ریمارکس دیئے کہ خالی بیانات اور الزامات پر کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔

سوموار کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت میں ذکی الرحمان لکھوی کی سماعت ہوئی ایف آئی اے کی جانب سے پراسیکیوٹر چودھری اظہر جبکہ ذکی الرحمان لکھوی کے وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے عدالت میں ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ذکی الرحمان لکھوی کاٹرائل کورٹ میں مقدمہ اب بھی تک زیر سماعت ہے کیونکہ ملزم کے وکیل 211 مرتبہ پیش نہیں ہوئے اور تاخیری حربے بھی ان کی طرف سے پیش کئے جا رہے ہیں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف 22گواہان کے بیانات باقی ہیں ان تمام افراد نے ٹرائل کورٹ میں پیش ہو کر ملزم کے خلاف گواہی دینی ہے ۔

(جاری ہے)

لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے منظور ہونے و الی درخواست ضمانت کومنسوخ کیا جائے عدالت نے کہا کہ ملزم کی ضمانت پہلے ہی ہو چکی ہے لہذا دونوں فریقین ٹرائل کورٹ میں پیش ہو کر مقدمہ کو مکمل کریں ۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منسوخی کے خلاف درخواست کو دو مہینے کے لئے زیر سماعت رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے دونوں فریقین کو وکلاء کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کے احکا مات جاری کر دیئے جب تک ٹرائل کورٹ میں یہ فیصلہ نہیں ہو جاتا اس وقت ضمانت منسوخی درخواست زیر سماعت رہے گی عدالت نے یہ بھی احکامات جاری کئے اگر کسی فریق کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے سامنے تاخیری حربہ استعمال کیا گیا تو دوسرا فریق عدالت سے رجوع کر سکتا ہے ۔

عدالت نے یہ بھی احکامات جاری کئے کہ اگر کوئی ایسی ناگہانی صورت حال پیدا ہوئی اورملزم کی ضمانت کی منسوخی کے لئے عدالت سے رجوع کیا گیا تو عدالت اس پر دائر کردہ درخواست پر فیصلہ سنا دے گی مذکورہ احکامات کے بعد عدالت نے ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف دائر کی گئی ایف آئی اے کی جانب سے ضمانت منسوخی کیس کو دو مہینے کے لئے ملتوی کر دیا ۔