آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی،صدر مملکت،پاکستان ملائیشیاء کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے،ملائیشئین ڈیفنس فورسز چیف سے ملاقات ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملائیشین افواج کے سربراہ کی ملاقات، خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ

منگل 14 اپریل 2015 04:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 اپریل۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی،پاکستان ملائیشیاء کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملائیشیاء کے ڈیفنس فورسز کے چیف جنرل ذوالکفیلی بن محمد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملائیشین ڈیفنس فورسز کے چیف جنرل نے پیر کے روز صدر سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا،صدر ممنون حسین نے دونوں ممالک کی افواج میں تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان ملائیشیاء کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی ۔

(جاری ہے)

ادھرآرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملائشین افواج کے سربراہ جنرل تان سری داتو نے ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ملائیشین افواج کے سربراہ جنرل تان سری داتو کے درمیان ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون سمیت خطے کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر جنرل تان سری داتو نے دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ”ضرب عضب“ کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے شہدا کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔