عمران فاروق قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا گیا ‘ آج عدالت میں پیش کیا جائے گا‘ چوہدری نثار، جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنائی جائے گی یہ انٹرنیشنل کیس ہے، وفاقی ایجنسیاں بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گی، صحافیوں سے گفتگو

منگل 14 اپریل 2015 04:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 اپریل۔2015ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے‘ آج بروز منگل عدالت میں پیش کیا جائے گا‘ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس پر جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنائی جائے گی۔ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کیونکہ ایک انٹرنیشنل کیس اس لئے وفاقی ایجنسیاں بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران فاروق قتل کیس برطانیہ کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کیلئے بھی امتحان بنا ہوا تھا۔ ہمارے پاس جو ثبوت تھے ہم نے اسکاٹ لینڈ یارڈ اور برطانوی حکومت کو فراہم کئے اس پر بہت بڑی پیش رفت ہوئی جس کے بعد مرکزی ملزم کو کراچی سے گرفتار کرلیا گیا ہے ملزم کو پولیس اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرکے گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

پہلے جن دو اشخاص پر شک ظاہر کیا جارہا تھا وہ بے گناہ تھے اور پہلی دفعہ یوکے گئے تھے ان کو سہولیات فراہم کرنے والا شخص جو کہ ڈاکٹر عمران فارو ق قتل کیس کا مرکزی کردار ہے اب اس اہم پیش رفت آئے گی جس کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم حکومت کی طرف سے بنائی جائے گی لیکن چونکہ ایک انٹرنیشنل کیس ہے اس لئے جے آئی ٹی میں وفاقی ایجنسیاں بھی حصہ ہوں گی۔ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ہمارا مقصد سیاسی نہیں ہے بلکہ اس قتل میں ملوث تمام ذمہ داران کو کٹہرے میں لانا ہے۔ ہمارا مقصد ایک انسان کے قاتل کا کیس ہے جس کو دن دیہاڑے قتل کیا گیا تھا۔ ہمارا مقصد صرف ان ذمہ داران کو کٹہرے میں لانا ہے۔