لاہور، وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس،نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداددہشت گردی کے اقدامات پر اظہار اطمینان،پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ،وزیراعلیٰ کی فوری مسودہ قانون تیاری کی ہدایت،سیف سٹی کا منصوبہ امن عامہ کیلئے خاص اہمیت رکھتاہے،لاہور کیساتھ ملتان،راولپنڈی،فیصل آباد اورگوجرانوالہ میں بھی یہ منصوبہ شروع کیا جائیگا

اتوار 12 اپریل 2015 04:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کاتحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جارہاہے۔امن عامہ کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔وضع کردہ سکیورٹی پلان پر مکمل عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔سیف سٹی پراجیکٹ امن عامہ کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔

اربوں روپے کی لاگت کے اس منصوبے پرتیزرفتاری سے کام کیا جائے۔سیف سٹی کا منصوبہ لاہور کے ساتھ ملتان ،راولپنڈی ، فیصل آباد اورگوجرانوالہ میں بھی شروع کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف آج یہاں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ،جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال،سکیورٹی انتظامات اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے جانیوالے اقدامات پر عملدر آمدکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بنانے کابھی فیصلہ کیاگیااور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے جانیوالے انسداد دہشت گردی کے اقدامات پراطمینان کا اظہار کیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خلاف ہر محاذ پرفیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں فوری اورموثر اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کا متفقہ فارمولاہے اوراس پرموثر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھرکے اہم مقامات کی سکیورٹی کومزید بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ۔سکیورٹی انتظامات کی موثر مانیٹرنگ تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے ۔کابینہ کمیٹی سکیورٹی انتظامات پر عملدر آمداورمانٹیرنگ نظام کاباقاعدگی سے جائزہ لے۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کامنصوبہ امن عامہ کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے اوراسی مقصد کے تحت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بنانے کیلئے فوری طورپر مسودہ قانون تیار کیا جائے ۔

انہوں نے مزیدہدایت کی کہ لاوٴڈ سپیکر پرپابندی کے قانون، مذہبی منافرت پھیلانے والے لٹریچر کی تقسیم و اشاعت اوروال چاکنگ کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، ارکان صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ، زعیم حسین قادری، معاون خصوصی رانا مقبول، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ سیکرٹریز اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی