جوڈیشل کمیشن کو ثبوت پیش کرنے کیلئے پی ٹی آئی کی آٹھ رکنی ٹاسک فورس تشکیل ، شاہ محمود سربرا ہ ہونگے، ویڈیو کلپنگ سمیت دیگر ثبوت پیش کرنے کیلئے جہانگیر ترین کی سربراہی میں بھی تین رکنی کمیٹی قائم ،پیپلز پارٹی کا دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کا فیصلہ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف دھاندلی کی تحقیقات کیلئے درخواست کرینگے ، وکلاء پینل بھی تشکیل دیدیا

اتوار 12 اپریل 2015 04:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اپریل۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کے سامنے ثبوت پیش کرنے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں آٹھ رکنی ٹاسک فورس تشکیل دے دی جبکہ ٹاسک فورس کو دھاندلی کی ویڈیو کلپنگ سمیت دیگر ثبوت پیش کرنے کیلئے جہانگیر ترین کی سربراہی میں بھی تین رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔ ہفتہ کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آٹھ رکنی ٹاسک فورس کمیٹی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں تشکیل دے دی گئی ٹاسک فورس میں شاہ محمود سمیت چار صوبائی صدور اعظم سواتی‘ عارف علوی‘ اعجاز چوہدری‘ شعیب صدیقی سمیت تین وکلاء شامل ہیں آتھ رکنی ٹاسک فورس جوڈیشل کمیشن کے سامنے دھاندلی ثبوت پیش کرے گی اس کے علاوہ ٹاسک فورس کی دھاندلی کے ثبوت اکٹھے کرکے دینے کیلئے بھی جہانگیر ترین کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی بنائی گئی جس میں جہانگیر ترین ‘ اسحاق خاکوانی اور سیف الله نیازی شامل ہوں گے یہ کمیٹی دھاندلی کی ویڈیو کلپنگ اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے ٹاسک فورس کے حوالے کرے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف دھاندلی کی تحقیقات کیلئے درخواست کرینگے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی نے وکلاء پینل بھی تشکیل دیدیا ہے چوہدری اعتزاز احسن لیگل ٹیم کی سربراہی کرینگے آصف علی زرداری نے الیکشن ریفارمز کمیٹی کے فیصلے کی بھی منظوری دیدی ہے پیپلز پارٹی این اے 124 میں دھاندلی کے ثبوت پیش کرے گی ۔