ذکی الرحمن لکھوی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا،لکھوی کو گزشتہ شب اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد حامی نامعلو م مقام پر لے گئے

ہفتہ 11 اپریل 2015 05:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 اپریل۔2015ء)ممبئی حملوں کے مرکزی مبینہ ملزم ذکی الرحمن لکھوی کولاہور ہائی کورٹ کے حکم پر اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے ذکی الرحمن لکھوی کی نظر بندی کے احکامات کو معطل کرتے ہوئے ان کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور حکم دیا تھا کہ ذکری الرحمن کو رہا کیا جائے ،عدالتی حکم کے بعد گزشتہ شب ذکی الرحمن لکھوی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے،ان کی جیل سے رہائی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اس موقع پرذکی الرحمن لکھوی کے حامیوں کی بڑی تعداد بھی ان کی رہائی خبر کے بعد وہاں پہنچ گئی ، حامی ذکی الرحمن لکھو ی کو جیل سے رہائی کے بعد نامعلوم مقام پر لے گئے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی ذکی الرحمن لکھوی کے نظر بندی کے حکومتی اقدامت کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے گولڑہ سے ایک شہری کے اغواء کیس میں ذکی الرحمن لکھوی کو مزید ایک ماہ کیلئے نظر بند کر دیا تھا ان کی اس نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ،دوران سماعت لکھوی کے وکلاء کا موقف تھا کہ ان کے موکل کا ممبئی حملوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ،حکومت بیرونی دباؤ کے باعث ان کو رہا نہیں کررہی ہے جو آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے ،عدالت نے پراسیکوٹر کی جانب سے لکھوی کی نظر بندی کو آئینی قرار دینے بارے ٹھوس شواہد پیش نہ کرنے پر ان کی فوری رہائی کا حکم دیا تھاجس پر انہیں اڈالہ جیل سے رات کے اندھیرے میں رہا کر دیا گیا ہے

متعلقہ عنوان :