فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ارکان پارلیمنٹ کے ٹیکس گوشواروں کی ڈائریکٹری جاری کردی، تمام ارکان پارلیمنٹ نے اپنا این ٹی اے نمبر حاصل کرلیا، 1169میں سے 1040ارکان نے 30جون 2014ء کو اختتام پذیر ہونے والے سال کیلئے ٹیکس گوشوارے ایف بی آر کے پاس جمع کروائے، باقی 129ارکان نے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے ، وزیراعظم نواز شریف نے 26لاکھ 11ہزار 371روپے ٹیکس ادا کیا ، عمران خان نے 2لاکھ 18ہزار 237روپے ٹیکس ادا کیا،سب سے زیادہ ٹیکس چوہدری ارشد جاوید وڑائچ نے 2کروڑ 40لاکھ 80ہزار 698روپے ادا کیا،گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کے خلاف مجوزہ قوانین کے تحت کارروائی ہوگی

ہفتہ 11 اپریل 2015 04:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 اپریل۔2015ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ارکان پارلیمنٹ کے ٹیکس گوشواروں کی ڈائریکٹری جاری کردی جس میں درج تفصیلات کے مطابق تمام ارکان پارلیمنٹ نے اپنا این ٹی اے نمبر تو حاصل کیا ہوا ہے تاہم 1169میں سے 1040ارکان نے 30جون 2014ء کو اختتام پذیر ہونے والے سال کیلئے ٹیکس گوشوارے ایف بی آر کے پاس جمع کروائے جبکہ باقی 129ارکان نے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے ۔

ایف بی آر حکام کے مطابق گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کے خلاف مجوزہ قوانین کے تحت کارروائی ہوگی ۔ڈائریکٹری کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے 26لاکھ 11ہزار 371روپے ٹیکس ادا کیا ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 2لاکھ 18ہزار 237روپے ٹیکس ادا کیا ، وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 22لاکھ 86ہزار 702روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ انہوں نے انکم سپورٹ لیوی ادا نہیں کیا‘ مولانا فضل الرحمان نے 15ہزار 688روپے ، وزیراعلیٰ شہباز شریف نے 51لاکھ 25ہزار 545روپے جبکہ ان کے بیٹے حمزہ شہباز نے 48لاکھ 88ہزار 122 روپے ٹیکس ادا کیا ۔

(جاری ہے)

معروف قانون دان سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے 1کروڑ 24لاکھ 74ہزار 875روپے ٹیکس ادا کیا ، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا‘ وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے 3لاکھ 13ہزار 681روپے ٹیکس ادا کیا ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے 6لاکھ 60ہزار 619روپے ، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے 1لاکھ 11ہزار 772روپے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا ۔سب سے زیادہ ٹیکس چوہدری ارشد جاوید وڑائچ نے 2کروڑ 40لاکھ 80ہزار 698روپے ادا کیا ۔110اراکین نے کوئی ٹیکس ادا نہیں کئے ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 3لاکھ 27ہزار 895روپے ٹیکس ادا کیا جبکہ جاوید ہاشمی نے ٹیکس ادا نہیں کیا ۔