چوہدری نثار علی خان ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کیلئے آتش فشاں بن گئے، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ،دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کی بنیادی وجہ مریم نواز کے وزیر داخلہ کیخلاف مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنماؤں کو بھیجے پیغامات بن گئے ، مریم نواز کے پیغامات وزیر داخلہ تک بھی پہنچ گئے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چوہدری نثار علی خان اور نواز شریف کے درمیان رسمی جملوں یا رسمی ملاقات کا بھی منظر نہیں دیکھا گیا

جمعہ 10 اپریل 2015 05:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اپریل۔2015ء) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات کی بنیادی وجہ میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے وہ موبائل پیغامات ہیں جو انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کیخلاف مسلم لیگ (ن) کے کئی رہنماؤں کو بھیجے اور یہ پیغامات وزیر داخلہ تک بھی پہنچ گئے ۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چوہدری نثار علی خان اور وزیراعظم میاں نواز شریف کے درمیان رسمی جملوں یا رسمی ملاقات کا بھی منظر نہیں دیکھا گیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے اندرونی ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان کی صاف گوئی اور اصول پسندی کے باعث پہلے وزیراعظم ان سے دور دور رہتے تھے لیکن اب کچھ پارٹی رہنماؤں کو محترمہ مریم نواز کی طرف سے موبائل کے ذریعے ایسے مختصر پیغامات ملے جن میں چوہدری نثار علی خان کو ٹارگٹ کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد چوہدری نثار علی خان بھی وزیراعظم سے کنارہ کش ہوگئے اور اب دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت بھی بند ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پروگرام کیلئے ” نیکٹا “ کو اہم ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں مگر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس ادارے کو فنڈز بھی فراہم نہیں کئے اور وزیر داخلہ کی طرف سے متعدد بار یاددہانی کروائی گئی مگر وزیر خزانہ نے نیکٹا کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا اور اب وزیر داخلہ اس حوالے سے بھی اصل ذمہ دار میاں نواز شریف کو ہی سمجھتے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جب وزارت داخلہ سے چھپی ہوئی کالی بھیڑوں اور ایف آئی اے کے کرپٹ لوگوں کو میڈیا کے سامنے بے نقاب کیا تو وزیراعظم اور کابینہ کے دیگرممبران نے بھی اس کو پسند نہیں کیا اس طرح وزیراعظم اور چوہدری نثار علی خان کے درمیان اختلافات کی خلیج وسیع ہوتی چلی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما نے اس بارے میں خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ اختلافات کی اصل وجہ یہ ہے کہ چوہدری نثار علی خان وزیراعلی پنجاب بننا چاہتے ہیں ۔

وزیراعظم کو نہ ان کی یہ خواہش پسند ہے اور نہ ہی وہ وزارت اعلیٰ اپنے خاندان سے باہر کسی کے حوالے کرنا چاہتے ہیں چوہدری نثار علی خان ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کیلئے ایک ایسے آتش فشاں کی شکل اختیار کرتے جارہے ہیں جو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے ۔