پاکستان کو یوٹرن لینے والی قیادت نہیں چاہیے ،نواز شریف ،کراچی شہر کو بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سے چھٹکارا دلا دیا،جلد روشنیاں واپس لائیں گے،تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں،تمام چیلنجز کو قبول کر کے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر دیا ،دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں پر پاک فوج مبارکباد کی مستحق ہے،تحریک انصاف خیبر پختونخواہ میں نیا صوبہ بنانے کا موقع گنوا رہی ہے،وزیر اعظم کا ہری پور میں ظہرانے سے خطاب

جمعہ 10 اپریل 2015 05:19

ہری پور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اپریل۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک میں دہشت گردی،کراچی میں قتل وغارت ،ٹارگٹ کلنگ، بجلی اور گیس کا شدید بحران تھا اور ملک کی معیشت تباہ ہو چکی تھی ،تمام چیلنجز کو قبول کر کے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہری پور میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر پیر صابر کی رہائش گاہ پر ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے آئندہ الیکشن میں اس صوبے سے بھاری اکثریت حاصل کریں گے،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نئے پاکستان بنانے جارہی تھی لیکن اللہ تعالیٰ ان کو خیبر پختونخواہ میں نیا پاکستان بنانے کی جھلک دیکھنے کیلئے موقع دیا ہے لیکن یہ موقع گنوا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہمیں نظر آنا چاہیے کہ خیبر پختونخواہ میں کیا ہو رہا ہے، عوام کو روز گار مل رہا ہے، کیا بجلی بنانے کیلئے کارخانے لگ رہے ہیں، لوگوں کو انصاف مل رہا ہے، صحت کے حوالے سے صوبائی حکومت کیا کررہی ہے ،عوام کے مسائل کس طرح حل ہو رہے ہیں ،کیایہاں سڑکیں بن رہی ہیں ،ہمیں تو کچھ نظر نہیں آرہا ہے ،پھر یہ نیا پاکستان کیسے بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مل کر حکومت بنا سکتے تھے ،مولانا فضل الرحمن ہمارے قریبی دوست ہیں انہوں نے صوبے میں حکومت بنانے کیلئے دعوت دی تھی لیکن ہم نے نئے پاکستان والوں کی اکثریت کو دل و جان سے قبول کیا اور خیبر پختونخواہ میں حکومت بنانے کی دعوت دی تا کہ ہم دیکھ سکیں کہ نیا پاکستان کے دعوی کرنے والے نیا پختونخواہ بنا سکتے ہیں یا نہیں ۔

2 سال گزر گئے خیبر پختونخواہ میں ہمیں کچھ نظر نہیں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے عوامی مینڈیٹ کا بھی احترام کیا ہے ،بلوچستان میں بھی آسانی کے ساتھ حکومت بنا سکتے تھے لیکن ملک کے حالات بہت خراب تھے ،تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر ملک کے حالات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں،آج بھی بلوچستان کے حالات ماضی کی نسبت بہت بہتر ہیں اور اور دن بدن صوبے میں بہتری آرہی ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ پارٹی کو ترجیحی نہیں دی بلکہ پاکستان کو ترجیحی دی ہے اور انشاء اللہ اپنے دور حکومت میں تمام بحرانوں سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے،انہوں نے کہا کہ ہمارے اقتدار کے2 سال مکمل نہیں ہوئے ہیں اور حالات بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں،بجلی کے کارخانے لگنے شروع ہوگئے ہیں، مہنگائی پر قابو پا لیا ہے ،کارخانوں اور صنعتی شعبے کو بجلی اور گیس فراہم کی جارہی ہے اور ملک کی معیشت میں بہتری آرہی ہے ،ملک میں جلد ہی بجلی بحران پر قابو پا لیں گے اور اتنی بجلی پیدا کی جائے گی کہ آئندہ کئی سالوں تک ہمار ے پاس فالتو بجلی رہے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دل واایمان کے ساتھ پاکستان کی خدمت کررہے ہیں،تمام چیلنجوں کو قبول کر کے پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کر دیا ہے،مہنگائی پر قابو پالیا ہے،پٹرولیم کی قیمتوں میں کافی حد تک کمی کی ہے ،بجلی اور گیس کی قلت میں کافی حد تک کمی آگئی ہے،اپنے دور حکومت میں پاکستان کے تمام بحرانوں کو ختم کر دیں گے،ایسی ہی قیادت پاکستان کو چاہیے تھی جو ملک کو تمام بحرانوں سے نکالیں،ملک کو یوٹرن والی قیادت نہیں چاہیے جو ہر بات بات پر یوٹرن لیتے ہوں ،دن کو کوئی اور بات اور رات کو کوئی بات کرتے ہوں،ایسی قیادت نہیں چاہیے جو ہر مسئلے پر یون ٹرن لے اور میزاج میں ٹھہراؤ نہ ہو۔

ملک کو یوٹرن لینے والی قیادت نہیں چاہیے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو ایک باشعور بصیرت رکھنے والی قیادت کی ضرورت ہے جو تجربہ کار ہو جو دیوار کے پیچھے بھی دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہو ،قومی اور بین الاقوامی مسائل کو سمجھتی ہوئی اور ان مسائل کو حل کرنے میں تجربہ صلاحیت رکھتی ہو،پاکستان کو یوٹرن اور غیر سنجیدہ قیادت نہیں چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں امن وامان بحال ہو رہا ہے ،بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ اور جرائم پیشہ وارداتوں میں کمی آئی ہے ،کراچی کی روشنیاں واپس لانے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں ،اللہ تعالیٰ کراچی کو ترقی دے ،انہوں نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک بھی ترقی کرے گا۔

ہم نے کراچی میں خوف کا فضاء کو ختم کیا ہے ہم نے کراچی میں امن وامان اور روشنیاں بحال کررہے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے کھلے دل کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا ہے اور ساتھ بٹھا کر پاکستان کے مسائل حل کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان صرف ایک آدمی کا نہیں ہے ،یہ نواز شریف کا ملک نہیں ہے بلکہ تمام پاکستانیوں کا ملک ہے ،ملک کی ترقی کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خنجراب سے ہری پوری ،ہزارہ موٹروے کا آغاز کر دیا ہے ،پشاور سے اسلام آباد موٹروے کا منصوبہ مسلم لیگ (ن) کا تھا اور ملک میں مزید موٹروے بنا کرملک کا نقشہ تبدیل کر دیں گے،خطے کی تقدیر بدلنے کا تہیہ کررکھا ہے ،وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں فوج کے آفیسر مبارکباد کے مستحق ہیں ۔فاٹا کے حالات پہلے کہیں بہتر ہیں اگلے تین سال خوشحالی اور ترقی و بہتری کے سال ہیں، وزیر اعظم نے ہری پور میں گیس فراہمی کا بھی اعلان کیا