یمن سے لائے گئے 11 بھارتی شہریوں کو پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے میں نئی دہلی پہنچا دیا گیا ،پاکستان نے اپنے شہریوں کے ساتھ ساتھ بھارتی شہریوں کا بہت خیال رکھا، خصوصی طیارہ فراہم کرنے پر وزیر اعظم نواز شریف کے شکر گزار ہیں، بھارتی شہریوں کی روانگی سے قبل گفتگو،انسانیت کی خدمت کیلئے کوئی سرحد نہیں ہوتی، وزیراعظم نوازشریف کا بھارتی شہریوں کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں،نریندر مودی

جمعرات 9 اپریل 2015 04:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اپریل۔2015ء)پاک فضائیہ کے خصوصی طیارہ نے یمن سے لائے گئے 11 بھارتی شہریوں کو نئی دہلی پہنچادیا،بدھ کے روز وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر پی این ایس اصلت کے ذریعے لائے گئے 11 بھارتی شہریوں کو پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے نے نئی دہلی پہنچا دیا ۔روانگی سے قبل کراچی ائیر پورٹ پر بھارتی شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری زندگیوں کو بچایا ہے اور بھارت پہنچانے کیلئے خصوصی طیارے کا انتظار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یمن میں مشکل صورت حال میں پھنسے ہوئے تھے ،پاکستان نے اپنے شہریوں کے ساتھ ساتھ بھارتی شہریوں کا بھی بہت خیال رکھا ہے، جس پر ہم حکومت پاکستان اور وزیر اعظم نواز شریف کے شکر گزار ہے۔ادھربھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کا بھارتی شہریوں کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کیلئے کوئی سرحد نہیں ہوتی،11بھارتی شہریوں کو نئی دہلی پہنچنے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔بھارتیوں کو یمن سے نکالنے پروزیراعظم میاں نوازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔