دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک امن قائم نہیں ہوسکتا،جنرل راحیل شریف،قوم مسلح افواج کی قربانیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، آرمی چیف کا خیبر ایجنسی میں اگلے مورچوں کے دورہ پر گفتگو،آپریشن ”خیبر ٹو“ کے دوران وادی تیراہ اور دیگر علاقوں میں مختلف کارروائیوں میں اب تک 263 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا،آرمی چیف کو بریفنگ

جمعرات 9 اپریل 2015 04:05

خیبر ایجنسی،راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 اپریل۔2015ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک امن قائم نہیں ہوسکتا، قوم مسلح افواج کی قربانیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ٹوئٹر“ پر کی گئی ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے فوجیوں کی قربانیوں پر شاندار خراج تحسین اور جوانوں کے عزم کو سراہا جب کہ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے مقامی قبائل کی حمایت کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران آرمی چیف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پاک افغانستان سرحد سے ملحقہ علاقوں تک کی جارہی ہیں اورافغانستان جانے والا درہ مساتیل بھی پاک فوج کے مکمل کنٹرول میں ہے اور کسی دہشت گرد کو فرار ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، آپریشن ”خیبر ٹو“ کے دوران وادی تیراہ اور دیگر علاقوں میں مختلف کارروائیوں میں اب تک 263 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ 35 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، اس کے علاوہ پاک فوج کی اسپیشل انجینئرز یونٹ نے 392 بارودی سرنگیں بھی ناکارہ بنائیں۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک امن قائم نہیں ہوسکتا، قوم مسلح افواج کی قربانیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ، آپریشن میں ملنے والی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے،آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف قبائلی بھائیوں کا تعاون قابل قدر ہے، عوام دہشت گردوں کے خاتمیمیں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

، آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی کا تمام علاقہ غیر ملکی ساخت کی بارودی سرنگوں سے بھرا پڑا ہے۔ پاک فوج کے اسپیشل انجینیر یونٹس نے 392 سرنگوں کو ناکاراہ بنا دیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ کارروائیاں افغان بارڈرز کے قریبی علاقوں تک پہنچ چکی ہیں، دہشتگردوں کو کسی صورت بھی فرار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ -ذرائع کے مطابق آپریشن میں کالعدم لشکراسلام اور کالعدم تحریک طالبان کے گیارہ اہم جنگجو ہلاک ہوئے، مرنے والوں میں کلیم، شینے، کوچی، شدر، یاسین، واجد، صدیقی اور شاکر وغیرہ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :