پاکستانی سرحد کے قریب جھڑپوں میں آٹھ ایرانی سیکیورٹی اہلکار ہلاک،متعدد زخمی، مارے جانے والے بارڈر پولیس کے آٹھ اہلکاروں میں سے چار افسر اور چار سپاہی شامل ہیں

بدھ 8 اپریل 2015 06:42

تہرا ن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 اپریل۔2015ء)پاکستان سے متصل ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں مبینہ طورپرایک بلوچ مسلح گروپ کے ساتھ لڑائی میں ایرانی بارڈر پولیس کے کم سے کم آٹھ اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ایرانی پاسداران انقلاب کی مقرب خبر رساں ایجنسی ”فارس“ کی رپورٹ کے مطابق عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں مارے جانے والے بارڈر پولیس کے آٹھ اہلکاروں میں سے چار افسر اور چار سپاہی شامل ہیں۔

خبررساں ایجنسی نے واقعے کی ذمہ داری ایک بلوچ عسکریت پسند گروپ پر عائد کی ہے جو سنی اکثریتی صوبہ سیستان بلوچستان میں بلوچ قوم پرستوں کے حقوق کے لیے جنگ لڑ رہا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے ایرانی بارڈر پولیس نے صوبہ سیستان بلوچستان کے جنوب مشرق میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا۔

(جاری ہے)

القدس یونٹ کے ہیڈ کواٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دہشت گردوں کیخلاف کی گئی کارروائی میں غیر ملکی خفیہ اداروں کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ کا سراغ لگا کراس کے تمام عناصر کو قتل کردیا گیا ہے۔

اس بیان کے کچھ ہی دیر بعد یہ اطلاع آئی کہ بلوچ عسکریت پسندوں نے باڈر پولیس پر فائرنگ کر کے متعدد سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 'قصر قند' اور 'نیک شہر' نامی مقامات پر فریقین میں خون ریز تصادم ہوا ہے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود اور مواصلاتی رابطے کے لیے استعمال ہونے والے آلات بھی ضبط کرلیے ہیں۔

'صوت بلوچ' نامی ایک نیوز ویب پورٹل کی رپورٹ کے مطابق نامعلوم مسلح افراد اور ایرانی بارڈر پولیس کے درمیان قصر قند کے مقام پر تصادم ہوا ہے جس میں پاسداران انقلاب کے چار اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں تاہم ایران نے ان خبروں کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی ہے۔خیال رہے کہ پاکستان کی سرحد سے متصل ایران کے سنی اکثریتی صوبہ سیستان بلوچستان میں شورش کا سلسلہ پرانا ہے۔ یہاں آئے روز بلوچ عسکریت پسندوں اور ایرانی فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات آتی رہتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :