یمن میں پھنسے مزید 134 پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے،ائیرپورٹ پر وفاقی وزیرعبدالقادر بلوچ ، دفترخارجہ، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ، سول ایوی ایشن، پی آئی اے حکام نے مسافروں کا استقبال کیا،ایئرپورٹ پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، مسافروں نے جہاز سے باہر آنے کے بعد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، حکومت کا شکریہ ادا کیا،پاکستانیوں کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھی

پیر 6 اپریل 2015 03:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 اپریل۔2015ء)یمن میں محصورمزید 134پاکستانی پی آئی اے کی تیسری خصوصی پرواز کے ذریعے صنعا ء سے اسلام آباد پہنچ گئے،ائیرپورٹ پر وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ ، دفترخارجہ، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ، سول ایوی ایشن، پی آئی اے حکام نے مسافروں کا استقبال کیا،ایئرپورٹ پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، مسافروں نے جہاز سے باہر آنے کے بعد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور حکومت کا شکریہ ادا کیا،پاکستانیوں کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔

اتوار کی شب پی آئی اے کی پروازپی کے 7006 صنعاء سے 134 مسافروں کو لے کراسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی جس میں 2 کینیڈین اور2 سوڈانی بھی سوار تھے۔

(جاری ہے)

ائیرپورٹ پر وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ ، دفترخارجہ، اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ، سول ایوی ایشن، پی آئی اے حکام نے مسافروں کا استقبال کیا اور مسافروں کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے ۔

ایئرپورٹ پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، محصور پاکستانیوں کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد ان کے استقبال کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔پاکستانی مسافروں نے جہاز سے باہر آنے کے بعد پاکستان زندہ باد اور پی آئی اے زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور مسافروں نے وطن واپسی یقینی بنانے پر حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا جب کہ ایئرپورٹ حکام نے بھی مسافروں کی خصوصی کوریج کے لئے میڈیا کو طیارے کے قریب جانے کی اجازت دی۔

اس موقع پر ایئرپورٹ پر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے اور او پی ایف حکام نے دیارغیر سے آنے والے پاکستانیوں کو آبائی گھروں تک پہنچانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا بھی خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یمن سے آنے والے مسافروں میں سے 67 کا تعلق کراچی سے ہے جنہیں خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچایاجائے گا۔اس سے قبل خصوصی طیارہ کراچی سے صنعا پہنچا جہاں طیارے کو 2 گھنٹے تک مسلسل فضا میں موجود رہنے کے بعد لینڈنگ کی اجازت دی گئی جس کے بعد مسافروں کی امیگریشن اور بورڈنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کا ایک جہاز الحدیدہ پہنچے گا جو وہاں پھنسے ہوئے 34 پاکستانیوں کو وطن واپس لائے گا۔واضح رہے کہ یمن سے تقریبا 3 ہزار پاکستانی محصورین کو وطن واپس لانے کے لئے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے اور 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے اب تک 679 ہم وطنوں کو بحفاظت لایا گیا ہے جب کہ بحری جہاز کے ذریعے 150 پاکستانی یمن کے شہر مکلا سے کراچی کے لئے روانہ ہوچکے ہیں