ایم کیو ایم ضمنی انتخابات کی پولنگ سے پہلے ہی الیکشن ہار چکی ہے اور پی ٹی آئی کامیاب ہو چکی، عمران اسماعیل ،پی ٹی آئی کامیاب ہو چکی ہے ۔ چائنا کٹنگ میں ملوث عناصر نے کریم آباد میں پی ٹی آئی کے کیمپ پر حملہ کرایا،کسی بھی کارکن کو خراش آئی یا کوئی نقصان پہنچا تو الطاف حسین کے خلاف لندن میں مقدمہ درج کرائیں گے ، رہنما پی ٹی آئی کا پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 5 اپریل 2015 03:49

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 سے امیدوار عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ضمنی انتخابات کی پولنگ سے پہلے ہی الیکشن ہار چکی ہے اور پی ٹی آئی کامیاب ہو چکی ہے ۔ چائنا کٹنگ میں ملوث عناصر نے کریم آباد میں پی ٹی آئی کے کیمپ پر حملہ کرایا ۔ عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ اگر اب کراچی میں کسی بھی کارکن کو خراش آئی یا کوئی نقصان پہنچا تو الطاف حسین کے خلاف لندن میں مقدمہ درج کرائیں گے ۔

پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ ایم کیو ایم سے نقص امن کا خطرہ ہے ۔ گورنر سندھ سے پوچھا جائے کہ ایم کیو ایم نے ضابطہ اخلاق کیوں توڑا ہے ۔این اے 246 میں ضمنی انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کرائے جائیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو کریم آباد کی شاہراہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی ، ناز بلوچ ، فردوس شمیم نقوی ، سید حفیظ الدین اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر موجود کارکنوں نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی ۔ پریس کانفرنس کے موقع سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور کریم آباد کی شاہراہ کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ کل رات کریم آباد میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے منظم شازش کے تحت پی ٹی آئی کے کیمپ پر حملہ کیا ۔

کیمپ کو گرایا اور پھر دوبارہ لگوا کر ہفتے کی صبح سامان اٹھا کر لے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین خود کہتے ہیں کہ میری جماعت کے لوگ چائنا کٹنگ اور پلاٹوں پر قبضے میں ملوث ہیں ۔ پی ٹی آئی کے کیمپ پر حملہ چائنا کٹنگ میں ملوث عناصر نے کرایا انہوں نے کہا کہ کریم آباد کے واقعہ کا مقدمہ درج کرائیں گے ۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے کسی کارکن کو کوئی نقصان ہوا تو الطاف حسین کے لندن میں مقدمہ درج کرائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جو این اے 246 کو اپنا قلعہ کہتی ہے ، وہ لوگوں میں خوف وہراس پیدا کر رہے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ایم کیو ایم الیکشن ہار چکی ہے اور پی ٹی آئی الیکشن جیت چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو ایم کیو ایم کی دہشت سے آزاد کرائیں گے ۔ خوشیاں دلائیں گے انہوں نے کہا کہ الیکشن جیت کر علاقے میں امن وامان ، بھتہ خوری کے خاتمے ، سیوریج کے مسئلے سمیت دیگر مسائل کو حل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے اربوں روپے آئے اور کہاں چلے گئے ، اس کا حساب لیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلے یہ لوگ قتل کراتے ہیں ، پھر قبر پر فاتحہ پڑھنے جاتے ہیں ، پھر سوئم اور تعزیتی اجلاس کراتے ہیں اور پھر دوسرے کی تیاری شروع کر دیتے ہیں ۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمیں ایم کیو ایم کی سکیورٹی کی ضرورت نہیں ۔

ہمارے لیے خدا کی مدد کافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے شیڈول کے تحت کراچی کا دورہ کریں گے ۔ حلقے کے عوام سے ملیں گے ۔ پی ٹی آئی این اے 246 کے تمام علاقوں میں اپنی انتخابی مہم چلائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اب ہم کسی سے ملنے نہیں جائیں گے ۔ گورنر سندھ نے ضابطہ اخلاق طے کرایا تھا ۔ پی ٹی آئی نے نہیں ایم کیو ایم نے ضابطہ اخلاق توڑا ہے ۔

گورنر سندھ ایم کیو ایم کو بلا کر پوچھیں کہ انہوں نے خلاف ورزی کیوں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 19 اپریل کو جناح گراوٴنڈ میں جلسہ کریں گے ۔ اس موقع پر عارف علوی نے کہا کہ ایم کیو ایم پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے نہیں دے رہی ہے ۔ ایم کیو ایم والے یاد رکھیں کہ ہم ڈرنے والے نہیں ۔ ہم بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے اور پی ٹی آئی لازمی انتخابات جیتے گی ۔

اس موقع پر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم کی کونسی جمہوریت ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے نہیں دے رہی ہے ۔ مہاجر قوم کو قلم کے بجائے بندوق پکڑا کر سیاست کرنے والے جان لیں کہ اب ان کی غنڈا گردی کی سیاست ختم ہونے والی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے حلقے کے ریٹرننگ افسر کو خط لکھا ہے ، جس میں تمام واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے ۔ ریٹرننگ افسر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صورت حال کا نوٹس لیں ۔ اس موقع پر سید حفیظ الدین نے کہا کہ ان تمام واقعات کے باوجود ہم کراچی کو دوبارہ آزاد کرائیں گے ۔ پی ٹی آئی انتخابی نتائج کے بعد عوامی مینڈیٹ کے لحاظ سے کراچی کی نمبر دو نہیں بلکہ نمبر ایک جماعت بن جائے گی ۔