حوثی باغی سعودی عرب پر مسلسل حملے کی کوششیں کررہے ہیں،حافظ سعید،مسلمانوں کو دشمنوں کی سازشوں کو سمجھنا چاہیے۔، نیٹو ممالک افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ لینے کیلئے مسلم ممالک کے گرد گھیرا تنگ کررہے ہیں، بچوں سے گفتگو

اتوار 5 اپریل 2015 03:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اپریل۔2015ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حوثی باغی سعودی عرب پر مسلسل حملے کی کوششیں کررہے ہیں۔مسلمانوں کو دشمنوں کی سازشوں کو سمجھنا چاہیے۔ نیٹو ممالک افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ لینے کیلئے مسلم ممالک کے گرد گھیرا تنگ کررہے ہیں، میڈیا میں کارٹونز ، ڈراموں اور دیگر پروگرامات نوجوان نسل کو دین سے دور بے راہ روی کا شکار کر رہے ہیں۔

ایسے میں ضروری ہے کہ بچوں کو متبادل مثبت سرگرمیاں مہیا کی جائیں۔ جماعة الدعوة معاشرے کے ہر طبقے میں دعوت و اصلاح کا کام کررہی ہے۔ بچوں اور نوجوانوں کیلئے خصوصی پروگرامات شروع کئے گئے ہیں۔ ملک بھر میں جماعة الدعوة کے سینکڑوں سکولز میں ہزاروں طلباء علم حاصل کررہے ہیں المحمدیہ روضہ سوسائٹی کے تحت مرکز خیبر فیصل آباد میں بچوں کے کھیل اور دینی تربیت کیلئے پہلے الروضہ سوسائٹی کلب کا آغاز کردیا گیا۔

(جاری ہے)

کلب کاافتتاح امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کیا۔ حافظ محمد سعید بچوں میں گھل مل گئے، انہوں نے بچوں کو مٹھائی کھلائی۔ بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں۔ بچوں کی اچھی تربیت سے معاشرے کو مستقبل میں اچھے افراد ملتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ بچوں سے بہت محبت کرتے اور ان کی تربیت کا اہتمام کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچپن میں کی گئی دینی تربیت اور ماحول زندگی بھر اپنے اثرات دکھاتا ہے۔ اکثر دینی جماعتیں بچوں کی تربیت کی جانب توجہ نہیں دیتیں۔ علاوہ ایزیں امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نیٹو ممالک افغانستان کو بیس کیمپ بنا کر پاکستان پر جنگ مسلط کی جارہی ہے دوسری جانب یمن کو بیس کیمپ بنا کر سعودی عرب کا گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔

حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہسعودی عرب مسلمانوں کا روحانی اور پاکستان دفاعی مرکزہے۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔ پاکستان مسلم ممالک کو متحد کرے ۔ پاسبان حرمین شریفین کے نام سے مذہبی جماعتوں کا مشترکہ اتحاد بنایا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں تحفظ حرمین کیلئے بڑی تحریک چلائی جائے گی۔ اسی سلسلے میں بہت جلد اسلام آبادمیں مشترکہ بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سعودی عرب کے دفاع کیلئے حکومتی فیصلے کی توسیع کرے ۔ سعودی عرب نے پاکستان کا ہر مصیبت میں ساتھ دیا ہے اور اگر آج وہ مشکل میں ہیں تو ان کا ساتھ دینا ہمارا فرض ہے۔ جبکہ المحمدیہ روضہ سوسائٹی پاکستان کے ناظم جنید الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ المحمدیہ روضہ سوسائٹی ملک بھر کے مختلف اضلاع میں بچوں کیلئے الروضہ سوسائٹی کلب بنا رہی ہے ۔

جس میں بچوں کی علمی ، جسمانی اور تحریری صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے دلچسپ گیمز وغیرہ کروائی جائیں گی۔ کارٹونز اور ڈراموں کے زیر اثر بچوں کو صحابہ کرام اور محدثین کے طریقہ زندگی پر لایا جائے گا۔ جس کا مقصد بچوں کو اسلام اور پاکستان کا سپاہی بنانا اور نظریہ پاکستان کو بچوں کے ذہنوں میں راسخ کرنا ہے۔ اس حوالے سے فیصل آباد میں پہلے الروضہ سوسائٹی کلب کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ فیصل آباد کے مختلف سکولز کے پرنسپلز نے کلب کا دورہ کیا اور اسے پسند کیا ۔ کلب کے ممبر بننے والے سکولز کے طلباء کو کلب کے زیر اہتمام ہونے والے مقابلوں میں شریک کیا جائے گا۔