پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں خواہ مخواہ الجھا دیا گیا، شہباز شریف ،قوم کے لئے اپنے جگر گوشوں کو فورس کے لئے پیش کرنے والے والدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آپریشن ”ضرب عضب“ کے ذریعے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگا نے پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ا نسداد دہشت گردی فورس کے دوسرے دستے کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ سے خطاب

اتوار 5 اپریل 2015 03:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اپریل۔2015ء ): وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں خواہ مخواہ الجھا دیا گیا تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام، بزرگ اور بچے سب یکسو ہیں اور ملک سے اس ناسور کو ختم کر کے دم لیں گے۔لاہور میں انسداد دہشت گردی فورس کے دوسرے دستے کی پاسنگ آوٴٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس وقت میک اور بریک کے دو راہے پر کھڑا ہے، پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں خواہ مخواہ الجھا دیا گیا لیکن اس جنگ میں عوام، بزرگ اور بچے سب یکسو ہیں اور دہشت گردی کو ختم کر کے دم لیں گے۔

انہوں نے انسداد دہشت گردی فورس کے فارغ التحصیل جوانوں کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی کے لئے اپنے جگر گوشوں کو فورس کے لئے پیش کرنے والے والدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پوری قوم کو انسداد دہشت گردی فورس کے جوانوں پر فخر ہے جب کہ بڑے مقصد کے لئے انسداد دہشت گردی فورس کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس طرح ترکی اور سری لنکا نے دہشت گردی سے دامن چھڑایا اسی طرح تربیت میں تعاون پر دوست ممالک کے شکر گزار ہیں جب کہ تربیت کی سہولیات فراہم کرنے پر پاک فوج کے بھی شکر گزار ہیں جو آپریشن ”ضرب عضب“ کے ذریعے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگا رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے مایوسی کو افسوس کے بجائے محنت میں بدلنا ہے بڑے مقصد کے لیے انسداد دہشتگردی فورس کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔اس سے پہلے وزیراعلی پنجاب نے انسداد دہشتگردی فورس کے دستے کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں اعزازات بھی تقسیم کئے۔