صدر مملکت نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے آرڈیننس پر دستخط کر دیئے،جوڈیشل کمیشن3 ججوں پر مشتمل ہوگا،کمیشن 45 دنوں میں عام انتخابات میں منظم دھاندلی اور الیکشن چوری کے حوالے سے حتمی رپورٹ جاری کریگا

ہفتہ 4 اپریل 2015 03:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اپریل۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے آرڈیننس پر دستخط کر دیئے ہیں ۔جمعہ کے روز صدر ممنون حسین نے عام انتخابات 2013 میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے آرڈیننس پر دستخط کر دیئے ہیں جو گزشتہ روز وزیر اعظم نواز شریف نے منظوری کیلئے سمری صدر کو بھجوائی تھی۔

جس کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس 3 ججوں پر مشتمل کمیشن تشکیل دے گا جو 45 دنوں کے اندر فیصلہ کرے گا کہ کہ عام انتخابات 2013 میں منظم طریقے سے دھاندلی ہوئی ہے یا نہیں ؟جبکہ کمیشن یہ بھی فیصلہ کرے گا کہ آیا عام انتخابات آئین و قانون کے مطابق ہوئے ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

یہ کمیشن عام انتخابات میں دھاندلی کرنے والے ذمہ داروں کا تعین بھی کرے گا اور اس حوالے سے کمیشن حساس اداروں کی مدد بھی حاصل کرسکے گا،حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا کہ آرٹیکل 89 کے تحت سپریم کورٹ کے 3 ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جو 2013ء عام انتخابات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے گا۔

تحقیقات میں پتہ لگایا جائے گا کہ کیا الیکشن میں کوئی منظم دھاندلی ہوئی ہے؟، کیا انتخابات عوامی مینڈیٹ کی عکاسی کرتے ہیں؟، دھاندلی ثابت ہونے پر وزیراعظم قومی اسمبلی کو تحلیل کریں گے اور غیرجانبدار نگران کابینہ کا تقرر کیا جائے گا۔