کراچی ، ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی درجہ حرارت عروج پر،پی ٹی آئی اور متحدہ کے کارکنان ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے آگئے، ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنو ں پی ٹی آئی کے جھنڈے کو آگ لگا دی اور انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا گیا، پولیس کالاٹھی چارج ، ایم کیو ایم کے دو کارکنان گرفتار ،ایم کیوایم کے رہنماء موقع پر پہنچ گئے،پی ٹی آئی کا کیمپ دوبارہ لگادیا ، یہ غنڈہ گردی ہورہی ہے ، ہم پوری قوت کے ساتھ الیکشن لڑیں گے اورجیت کردکھائیں گے ،بھاگنے والے نہیں ، عمران اسماعیل ، ایم کیوایم ہماری انتخابی مہم سے بوکھلاگئی ہے ،رینجرزکوتعینات کیاجائے ورنہ حالات مزیدخراب ہوں گے،جہانگیرترین کی نجی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 4 اپریل 2015 03:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اپریل۔2015ء)کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا دستگیر میں نہاری کے ہوٹل کے باہر اور کریم آباد پرپی ٹی آئی اور متحدہ کے کارکنان ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے، جہاں مشتعل ایم کیو ایم ہمدردوں نے پی ٹی آئی کے جھنڈے کو آگ لگا دی،پی ٹی آئی کاانتخابی کیمپ اکھاڑ دیا گیا جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے دو کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے، رات گئے تک علاقے میں کشیدگی تھی ۔

کراچی میں ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی درجہ حرارت عروج پر ہے، این اے 246 کی جیت کیلئے متحدہ اور پی ٹی آئی کے کارکن متعدد مقامات پر آمنے سامنے آئے، پہلے فیڈرل بی ایریا اور بعد ازاں کریم آباد میں دونوں جانب سے کارکنوں نے شدید نعرے لگائے۔ نعروں سے شروع ہونے والی کشیدگی بعد میں ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور سنگین صورت حال اختیار کرگئی۔

(جاری ہے)

دونوں جانب سے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے لگائے گئے، اس دوران متحدہ کے مشتعل کارکن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے کو آگ لگا دی اور کریم آباد میں پی ٹی آئی کا انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا ، علاقے میں کشیدگی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاٹھی چارج کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے دو کارکنان کو حراست میں لے لیا تھا موقع کی نزاکت دیکھتے ہوئے رینجرز کے اہل کار موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردی تھی تاہم رات گئے تک علاقے میں کشیدگی تھی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم ایم کیو ایم کی غنڈہ گردی سے ڈریں گے نہیں ، ہم یہاں بھرپور طریقے سے الیکشن لڑیں گے اور ان کو ہرائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے راستے روکنے کے لیے غنڈہ گردی کی جارہی ہے مگر اس میں ان کو کامیابی حاصل نہیں ہو گی ۔ان کا کہنا تھاکہ پولیس یہاں موجود ہے اور ایکشن بھی لے رہی ہے مگر حالات لگتا ہے مزید خراب ہونگے اور رینجرز کو ایکشن لینے کی ضرورت ہے، ہم یہاں پارٹی اور الیکشن آفس دیکھنے آئے تھے کہ ایم کیو ایم کے کارکن ہمارے پیچھے آگئے۔

ہم جہاں جہاں جاتے ہیں وہ ہمارے پیچھے آتے ہیں۔ ہم نہاری کھانے جاتے ہیں تہ یہ نعرے بازی شروع کردیتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ آج ہی ایم کیو ایم نے ضابطہ اخلاق پر دستخط کیے ہیں اور آج ہی ایم کیو ایم کے کارکنان نے اس کی دھجیاں بکھیر دی ہیں ۔قبل ازیں پی ٹی آئی این اے 246کے امیدوار عمران اسماعیل ،ڈاکٹر عارف علوی، اسماعیل ہارون اور دیگر رہنما دستگیر کے ہوٹل میں نہاری کھانے گئے تو ان کے پیچھے پیچھے ایم کیو ایم کے کارکنان بھی پہنچ گئے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنان نے اپنے قائدین کے حق میں خوب نعرے بازی کی، متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان نے عمران اسماعیل کے قافلے پر مبینہ طورپرانڈے پھینکے اور پی ٹی آئی کیخلاف نعرے لگائے،مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا، تاہم پی ٹی آئی کے رہنماوٴں کو نہاری کھائے بغیر ہی عجلت میں جانا پڑا۔رات گئے رابطہ کمیٹی کے اراکین خالد مقبول صدیقی ، حیدر عباسی رضوی اور کنور نوید جمیل موقع پر پہنچ گئے تھے اور پی ٹی آئی کا انتخانی کیمپ دوبارہ لگوادیا تھا ۔

دریں اثناء ایم کیوایم کے رہنماعارف علوی کاکہناہے کہ پتھرلگنے سے کئی کارکنان زخمی ہوگئے ۔انہوں نے کہاکہ لوگوں میں اشتعال پیداکیاجارہاہے ،قاتلوں کاکوڈآف کنڈکٹ سے کیاواسطہ ؟جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوارعمران اسماعیل نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ یہاں غنڈہ گردی ہورہی ہے ،وہی کچھ ہورہاہے جوکراچی میں ہوتاآرہاہے ،یہ ڈرامے کرتے ہیں لڑکے بھیج کرکیمپ پرحملے کرواتے ہیں اورپھرمرہم رکھنے آجاتے ہیں ،ہم پوری قوت کے ساتھ الیکشن لڑیں گے اورجیت کردکھائیں گے ،بھاگنے والے نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ جہاں ان کاکوئی بندہ پکڑاجاتاہے یہ اس سے لاتعلقی ظاہرکردیتے ہیں ۔عمران اسماعیل نے کہاکہ ہمیں صرف رینجرزکی حفاظت چاہئے ،نہ انتخابی مہم چھوڑیں گے نہ علاقہ رینجرزکی نگرانی میں الیکشن ہونے چاہئیں اورہمارے کیمپوں پررینجرزتعینات کی جائے ،پی ٹی آئی کے ایک اوررہنماجہانگیرترین نے نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ واقعہ پرافسوس ہے ،یقین ہوگیاہے کہ یہ لوگ اپنے ہتھکنڈوں سے بازنہیں آئیں گے ،سیکٹرکمانڈرکواحکامات دیئے جاتے ہیں اورمنصوبہ بندی کے تحت حملے کرائے جاتے ہیں ،ایم کیوایم نے الیکشن لڑناہے یاغنڈہ گردی ہم پورامقابلہ کریں گے ،ایم کیوایم ہماری انتخابی مہم سے بوکھلاگئی ہے ،ہم تبدیلی کاپیغام لیکرآئے اورالیکشن جیتیں گے ،عوام بلے پرمہرلگائیں ۔

انہوں نے کہاکہ رینجرزمسئلے کوحل کرے ،رینجرزکوتعینات کیاجائے ورنہ حالات مزیدخراب ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ان کے ساتھ بیٹھ کرانہیں موقع دیاتھالیکن یہ لوگ پھراپنے ہتھکنڈوں سے بازنہیں آرہے ،جوپچھلے پچیس ،تیس سالوں سے کرتے آرہے ہیں ۔انہوں نے کراچی کویرغمال بنارکھاہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری سیاست پرامن ہے ،کارکن پرامن رہیں ہم اشتعال میں نہیں آئیں گے اورپرامن رہ کران کامقابلہ کریں گے