سعودی عرب کی خواہش ہے پاکستان یمن کے مسئلے پرمکمل تعاون کرے،خواجہ آصف ، ہم جوفیصلہ کریں گے وہ قومی مفادمیں اورپارلیمنٹ کے اندرہوگا،یمن تنازعہ کاپرامن حل چاہتے ہیں ،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 3 اپریل 2015 07:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اپریل۔2015ء)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ سعودی عرب کی خواہش ہے کہ پاکستان یمن کے مسئلے پرمکمل تعاون کرے،لیکن ہم جوفیصلہ کریں گے وہ قومی مفادمیں اورپارلیمنٹ کے اندرہوگا،یمن تنازع کاپرامن حل چاہتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ امت مسلمہ کااتحادمنتشرنہ ہواورمسلم امہ خودکوشیعہ سنی فسادمیں تباہ نہ کرے ۔

نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ سعودی عرب کی خواہش ہے کہ ہم یمن تنازع کامکمل حصہ نہیں ،ان کامطالبہ ہے کہ ہم دیرینہ دوست ہیں ہماراسعودی عرب سے دفاعی تعاون بھی ہے تاہم اس سلسلے میں پارلیمنٹ کااجلاس چھ اپریل کوطلب کیاگیاہے ہم پارلیمنٹ کواعتمادمیں لیں گے اورتمام حقائق بتائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم امت کاانتشارنہیں چاہتے اورقومی اتفاق رائے سے فیصلہ کرناچاہتے ہیں ،ہم پاکستان کے قومی مفادکومدنظررکھ کرفیصلہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کی سرحدکوکوئی خطرہ نہیں ہے تاہم سعودی عرب کادفاع کریں گے ،ہمارے 1000فوجی سعودی عرب میں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ جمہوری حکومت ہے ،جنرل ضیاء یاجنرل مشرف کی نہیں ہے جوبھی فیصلہ ہوگاپارلیمنٹ میں ہوگااورپارلیمنٹ جوبھی فیصلہ کریگی اس کامکمل احترام کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ترکی کادورہ کررہے ہیں ایرانی وزیرخارجہ بھی پاکستان کادورہ کررہے ہیں ،آٹھ اپریل کوایرانی وزیرخارجہ کے دورہ پرتفصیلی بات ہوگی ،ہماری خواہش ہے کہ مسلم امہ شیعہ سنی فسادمیں خودکوتباہ نہ کریں اوریمن مسئلے کاپرامن حل ہماری اولین ترجیح ہے ،وزیراعظم یمن مسئلہ پرمثبت کرداراداکرناچاہتے ہیں ۔