کراچی پورٹ قاسم سے ایساف کے کنٹینرز میں موجود حساس اور اہم نوعیت کا سامان غائب ،حساس ادارے کے اہلکاروں کی کارروائی ، 18کنٹینرز پکڑ لیے

جمعہ 3 اپریل 2015 07:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اپریل۔2015ء)کراچی پورٹ قاسم سے افغانستان میں نیٹو کے زیر اہتمام چلنے والے سیکیورٹی مشن ایساف کے کنٹینروں میں موجود حساس اور اہم نوعیت کا سامان غائب ہوگیا ہے، حساس ادارے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے 18کنٹینرز پکڑ لیے ہیں۔پورٹ قاسم سے جانیو الے کنٹینروں میں انتہائی حساس اور اہم نوعیت کا سامان موجود تھا جو افغانستان سے کراچی اور پھر جرمنی جا رہے تھے۔

کسٹم انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر پورٹ پر چھاپہ مارکرکنٹینروں کو قبضے میں لے لیا گیا، انتہائی حساس و اہم نوعیت کا سامان کب اورکہاں سے غائب ہوا کسٹم انٹیلی جنس نے تفتیش شروع کردی ہے۔کنٹینرز کراچی پورٹ قاسم سے تمام کلیئرنس مکمل ہونے کے بعد روانہ ہونے والے تھے اس دوران پکڑے گئے،ذرائع کے مطابق 18کنٹینرز سے متعلق اطلاع تھی کہ ان میں سے سامان غائب کردیا گیا ہے تاہم جب سیل کنٹینرز کھولے گئے تو 14میں اصل سامان کی جگہ اینٹیں اور پتھر کے بڑے بلاکس موجودتھے جبکہ 4کنٹینرز میں بیٹریاں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس حکام نے حکومت پاکستان کوواقعہ کی مکمل رپورٹ بھجوا دی ، جلد گرفتاریاں ہونے پر بڑے انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں گرفتاریوں کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :