”خود روزگار سکیم“کیلئے مزید 5ارب روپے دینے کا اعلان،50لاکھ خاندانوں کو بلاسود قرضے ملیں گے:شہبازشریف،کھربوں روپے کے قرضے معاف کرانا پاکستان کا قتل ہے،بس چلے توقرض خوروں کے پیٹ سے یہ رقم نکال کرآپ کے حوالے کردوں ماضی میں کھربوں روپے کے قرضے ہڑپ نہ کیے جاتے توآج 5کروڑ خاندانوں کو بلاسودقرضے مل رہے ہوتے ،قرض خوروں نے پاکستان کے جسم پر گہرے گھاوٴلگائے ہیں،پاکستان کے جسم میں بے پناہ توانائی اورقوت موجود ہے ،وزیراعلیٰ شہبازشریف کا”خودروزگار سکیم“کے تحت بلاسود قرضے دینے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 3 اپریل 2015 07:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 اپریل۔2015ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے” وزیراعلی خود روز گار سکیم “کے تحت رواں سال بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لئے 5ارب روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے50 لاکھ غریب خاندان مستفید ہوں گے-گزشتہ 3برسوں کے دوران 9ارب روپے کے قرضے 5لاکھ مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں اوران تمام قرضوں کی واپسی سو فیصد ہے ،قرضوں کی سو فیصد واپسی خود روز گار سکیم کی سچائی او رکامیابی کامنہ بولتا ثبوت ہے-ماضی میں سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانے اور غریب قوم کے کھربوں روپے ہڑپ کرنے والی اشرافیہ نے وطن عزیز کے جسم پر گہرے زخم لگائے ہیں جبکہ دوسری جانب غریب گھرانوں نے پاکستان کی ترقی او راسے آگے لے جانے کیلئے حاصل کئے گئے قرضے سو فیصد واپس کر کے عظیم مثال قائم کی ہے -پنجاب کی طرح مہران کی وادیوں ،بلوچستان کے سنگلا خ پہاڑوں،کے پی کے کے خوبصورت پہاڑوں میں بسنے والے عظیم پاکستانیوں کو بلاسود قرضے دئیے جائیں تو وہ اپنی محنت کے ذریعے نہ صرف یہ قرضے واپس کردیں گے بلکہ وہ پاکستان کو بھی بیرونی قرضوں سے نجات دلا سکتے ہیں- وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یہاں الحمراء کلچرل کمپلیکس میں ”وزیراعلی خود روزگار سکیم “کے تحت مستحق مرد و خواتین میں بلاسود قرضوں کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-تقریب کے آخر میں وزیراعلی نے مستحق مرد و خواتین میں وزیراعلی خود روزگار سکیم کے تحت بلاسود قرضے تقسیم کئے -صوبائی وزراء ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،کالم نگاروں، دانشوروں، این جی اوز کے نمائندوں اور معاشرے کے دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی-وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ اوراخوت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر امجد ثاقب نے خود روزگار سکیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی - وزیراعلی محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میرے لئے آج کا دن باعث مسرت اور قابل فخر ہے کہ میں قرض خوروں کے درمیان نہیں بلکہ سوفیصد قرض واپس کرنے والوں میں موجود ہوں-آپ نے خود روزگار سکیم کے تحت بلا سود قرضے حاصل کئے ،محنت کر کے قرضوں کی سو فیصد واپسی یقینی بنا کرآپ عظیم پاکستانی بن گئے ہیں- دوسری طرف کھربوں روپے کے قرضے ہڑ پ کرنے والوں نے پاکستان کو ڈوبایا او راس کے توانا جسم پر گہرے زخم لگائے ہیں-کھربوں روپے کے قرضے معاف کرانا پاکستان کا قتل ہے،بس چلے توقرض خوروں کے پیٹ سے یہ رقم نکال کرآپ کے حوالے کردوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگرغریب قوم کے کھربوں روپے کھائے نہ جاتے تو آج 5لاکھ نہیں بلکہ 5کروڑ غریب خاندان مستفید ہوتے -میٹروبسیں صرف لاہو رشہر میں نہیں بلکہ پنجاب کے کئی شہروں میں عوام کو معیاری،پائیدار اور با کفایت سفری سہولیات فراہم کر رہی ہوتیں مگر ا فسوس کہ قوم کے کھربوں روپے اپنی جیبوں میں ڈالنے والے خود کو عزت دار سمجھتے ہیں اور ایسے میدان سیاست میں ہیں جیسے وہی سب سے عظیم پاکستانی ہیں او رسمجھتے ہیں کہ وہی پاکستان کی کشتی کو کنارے لگائیں گے، ان لوگوں نے اپنی کوٹھیوں ،فیکٹروں اور زمینوں کے نام پر قرضے حاصل کئے ،ان کے کاروبار اور کوٹھیاں تو محفوظ ہیں لیکن غریب قوم کی محنت کی کمائی غائب ہے -ہونا تو یہ چاہیے کہ قرضے ان کے پیٹوں سے نکال کر ان مستحق عظیم پاکستانیوں کے حوالے کئے جائیں جو ملک وقوم کا درد رکھتے ہیں-پاکستان کے جسم میں بے پناہ توانائی اورقوت موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ غریبو ں کی محنت کی کمائی لوٹنے والوں نے کھربوں روپے کے قرضے ہڑپ کرکے غریب قوم کے ساتھ زیادتی او ربڑا جرم کیاہے -انہوں نے کہاکہ کس قدر ستم ظریفی کی بات ہے کہ پاکستان ایک طرف تو ایٹمی طاقت ہواور دوسری جانب کشکول گدائی تھامے مارا مارا پھر رہاہو-ملک کی تعمیر وترقی کیلئے حاصل کئے گئے قرضے اگر اشرافیہ ہڑپ کر جائے تو یہ بہت بڑا ظلم ہے اورمیں اسے پاکستان کا قتل سمجھتا ہوں - ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنانے کیلئے ماضی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا او رملک سے رشوت ،سفارش، اقرباپروری ، دھونس اور دھاندلی کے کلچر کو دفن کرناہوگا او رکشکول گدائی توڑکر ملک کو با وقار مقام دلانے کیلئے محنت،امانت او ردیانت کے سنہری اصولوں کو اپنانا ہوگا- انہوں نے کہاکہ وزیراعلی خود روزگار سکیم کے لئے مربوط نظام وضع کیا گیاہے اور اس مقصد کیلئے اخوت کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر امجد ثاقب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں،میں ،صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق ،ڈاکٹر امجد ثاقب اور ان کی پوری ٹیم کاشکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سکیم کو کا میابی سے آگے بڑھایاہے -میری ان سے استدعا ہے کہ وہ اس سکیم کو اس حد تک وسعت دیں کہ اس سے پچاس لاکھ غریب خاندان مستفید ہوں اور اس سکیم کے تحت پڑھے لکھے او رہنرمند افراد کو قرضے دئیے جائیں تاکہ وہ قومی معیشت کو استوار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ میں 12ارب روپے جمع ہو چکے ہیں او راس کی آمدن سے پنجاب نہیں بلکہ پاکستان کی تمام اکائیوں کے 85ہزار سے زائد ہونہار طلبا و طالبات ان تعلیمی اداروں میں اپنی علمی پیاس بجھا رہے ہیں جہاں اشرافیہ کے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں-انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی کیلئے بے سہارا کا ہاتھ تھامنا ہوگا اور غریبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا -میرا ایمان ہے کہ قائد او راقبال  کے تصورات کے مطابق پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کرے گا او رہم عظیم قوم بنیں گے- ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی خود روزگار سکیم دنیا میں قرض حسنہ کا سب سے بڑا پروگرام اور غربت کے خاتمے کی سب سے بڑی تحریک ہے-سکیم میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی گئی ہے او رخواتین بھی سکیم سے مستفید ہورہی ہیں-گزشتہ 3برسوں میں 9ارب روپے کے قرضے دئیے گئے جس سے 60ارب روپے کی دولت کی ریل پیل ہوئی ہے-انہوں نے کہاکہ خود روزگارسکیم سماجی و معاشی غربت کے خاتمے کا ذریعہ ہے او ریہ سکیم حضرت محمد ﷺ کے نقش قدم پر چلنے کی ایک کاوش ہے -انہوں نے کہاکہ سکیم سے مستفید ہونے والوں نے 20،20روپے جمع کر کے آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے 60لاکھ روپے بھجوائے جبکہ گزشتہ برس سیلاب متاثرین کیلئے 50لاکھ روپے کا عطیہ دیا-معروف دانشور مجیب الرحمن شامی نے کہاکہ شہبازشریف غریبوں سے جنون کی حد تک لگاؤرکھتے ہیں ،ان کا یہ جذبہ اگر عام ہوجائے تو پاکستان کی تقدیر برسوں نہیں بلکہ دنوں میں بدل سکتی ہے -انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے پنجاب میں سادگی کی مثال قائم کی ہے، ہمیں بھی اس پر عمل کرتے ہوئے اپنے اخراجات کم کرکے معاشرے کے محروم معیشت طبقات کی بہتری میں حصہ ڈالنا ہوگا

متعلقہ عنوان :