پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے پی آئی اے کی دوسری پرواز کی جبوتی روانگی ، عدن سے پاکستانیوں کو واپس لانے والا بحری جہاز آج کھلے سمندر میں لنگرانداز ہو جائے گا ،ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 2 اپریل 2015 03:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اپریل۔2015ء )یمن میں محصور دو سو سے زائد پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے پی آئی اے کا دوسر ا طیارہ بدھ کی شام جبوتی روانہ ہو گیا ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ یہ پاکستانی مختلف مقامات سے عدن پہنچ گئے ہیں اور انہیں چینی بحریہ کے بحری جہاز کے ذریعے جبوتی تک پہنچایا جائے گا۔بعد میں انہیں ہوائی جہاز کے ذریعے پاکستان لایا جائے گا۔

ادھر ، پاک بحریہ کے بحری جہازعدن سے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے راستے میں ہے اور توقع ہے کہ یہ جہاز آج جمعرات کو عدن کے قریب کھلے سمندر میں لنگرانداز ہو جائے گا۔ عدن پہنچنے والے پاکستانیوں کو بندرگاہ سے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے اس بحری جہاز تک لایا جائے گا جہاں سے وہ کراچی کیلئے اپنا سفر شروع کریں گے۔

(جاری ہے)

شہری ہوابازی کے ذرائع کے مطابق عدن کے مقامی ہوٹل میں دو سو سے زائد پاکستانیوں کی امیگریشن کا عمل جاری ہے جہاں سے انہیں چینی بحریہ کے بحری جہاز پر سوار کرایا جائے گا۔

ایتھوپیا میں پاکستان کے سفیر کو ان پاکستانیوں کیلئے امیگریشن کا انتظام کرنے، ان کے قیام اور واپسی کے سفر کیلئے جبوتی میں ایک کیمپ آفس قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پی آئی اے صنعاء میں محصور تقریباً نوے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے ایک اور خصوصی طیارہ بھیجنے کا انتظام کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :