یمن جنگ :سعودی حکومت نے پاکستان سے پاک فوج کی مدد مانگ لی ،پاکستان نے پاک فوج سعودی عرب بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے ،سعودی وزیر دفاع کا دعوی،پاکستانی وفد سے سعودی حکام کی ملاقاتیں ،یمن صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ،پاک فوج کو سعودیہ کی اہم تنصیبات پر تعینات کیا جائیگا، یمن جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے ،وزیر دفاع خواجہ آصف ، اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کی سعودی عرب کے دورے سے وطن واپسی ،وزیراعظم نے یمن کی صورتحال پر آج اجلاس طلب کرلیا،خواجہ آصف اور سرتاج عزیز دورے پر بریفنگ دیں گے، اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی متوقع

جمعرات 2 اپریل 2015 03:25

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اپریل۔2015ء)سعودی حکومت نے باقاعدہ طور پر یمن کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے پاک فوج کی مدد طلب کرلی ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ریاض میں سعودی حکام نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی ہے جس میں مشرق وسطی ،یمن کی صورت حال اور سعودی عرب کی سلامتی اور سرحدوں کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں سعودی حکام نے پاکستان سے یمن کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی مدد مانگ لی ہے اور کہا ہے کہ یمن میں باغیوں کے خلاف زمینی کارروائی اور سعودی عرب کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کی خدمات فراہم کی جائیں،جس پر وفد نے سعودی حکومت کی سالمیت کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کو سعودی عرب بھیجنے کیلئے رضا مندی ظاہر کی ہے تاہم فوج بھیجنے یا نہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ پاکستانی قیادت کرے گی ،وزیر دفاع کی سربراہی میں وفد پاکستان پہنچنے پر وزیر اعظم نواز شریف اور دیگر سول و فوجی حکام کو مشرق وسطی ،یمن کی صورت حال اور سعودی عرب کی جانب سے پاک فوج کی مدد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ د ے گا جس کے بعد حکومت فوج بھیجنے یا نہ بھیجنے کا حتمی فیصلہ کریگی ۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یمن کی طرف سے سعودی عرب پر حملے کی صورت میں پاکستان سعودی حکومت کا بھر پور دفاع کرے گا ،انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو سعودی عرب بھیجا جائے گا جو سعودی حکومت کی اہم تنصیبات پر نگرانی کیلئے تعینات کیا جائے گا تاہم پاک فوج یمنی جنگ کا حصہ نہیں بنے گی ۔دوسری جانب سعودی وزیر دفاع نے دعوی کیا ہے کہ حکومت پاکستان نے پاک فوج سعودی عرب بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور اس حوالے سے جلد پہلا دستہ سعودی عرب آئے گا ۔

ادھرپاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد سعودی عرب کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا،وزیراعظم نے یمن کی صورتحال پر آج (جمعرات کو )اجلاس طلب کرلیا،خواجہ آصف اور سرتاج عزیز دورے پر بریفنگ دیں گے،پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد وزیردفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں یمن کی صورتحال پر مشاورت کے لئے سعودی عرب گیا تھا۔وفد نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلیمان السعود سے تفصیلی ملاقات کی،جس میں یمن کی صورتحال سعودی عرب کو درپیش خطرات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وفد اپنے دورہ مکمل کرنے کے بعد بدھ کی رات وطن واپس پہنچ گیا ہے،دوسری جانب وزیراعظم نے یمن کی صورتحال پر جائزہ اجلاس جمعرات کو طلب کرلیا ہے،اعلیٰ سطحی اجلاس میں یمن کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

وزیردفاع خواجہ آصف اور سرتاج عزیز اجلاس میں دورہ سعودی عرب پر بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں سعودی عرب کی جانب سے تعاون کے لئے دی جانے والی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا اور سعودی عرب فوج بھیجنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر فیصلہ بھی متوقع ہے