چیئرمین نیب نے کرپشن غفلت نااہلی پر ایک افسر کو برخاست،چار کی تنزلی کردی ، نیب افسران اپنا قبلہ درست کرلیں‘ کرپشن ناقابل برداشت ہے‘ چیئرمین نیب کا پیغام

بدھ 1 اپریل 2015 09:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اپریل۔2015ء) چیئرمین نیب چوہدری قمر الزمان نے کرپشن اور نااہلی و بدیانتی کے الزام میں نیب کے ایک افسر کو نوکری سے برخاست جبکہ چار کی تنزلی کردی گئی ہے ،ا ان پانچ افسران پر الزام ہے کہ پتوکی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کے سکینڈل میں ان کا کردار مشکوک پایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹولیرنس پالیسی کے تحت پتوکی ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل میں غفلت نااہلی کا مظاہرہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور نیب ناصر اقبال کو نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ امجد مجید اولک ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب لاہور کی دو سال کیلئے ترقی روکنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے کو ملنے والی حکام کی دستاویزات کے مطابق عتیق الرحمن ڈائریکٹر نیب ملتان کو سخت وارننگ جاری کر تے ہوئے ان کی پانچ سال تک اگلے گریڈ میں ترقی روک دی ہے جبکہ شکیل انجم ناگرا ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب لاہور کی بھی پانچ سال تک ترقی روک دی ہے اس کے علاوہ ضیاء الله خان ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کی بھی تنزلی کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے اپنی تعیناتی کے وقت تمام نیب افسران کو واضح حکم جاری کیا تھا کہ وہ اپنے فرائض بجا آوری ایمانداری محنت اور نیب کے ایس او پی کے تحت سرانجام دیں اور اگر کوئی افسر غفلت کا مر تکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اس پالیسی کے تحت چیئرمین نے اپنے ادارہ میں کرپٹ عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی شروع کر رکھی ہے اور کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی سے دیگر افسران کو سخت پیغام دیا گیا ہے کہ وہ کرپشن روکنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

ذرائع کے مطابق ان افسران کی ملی بھگت سے پتوکی ہاؤسنگ سوسائٹی میں عوام سے اربوں روپے کا فراڈ کرنے والے افراد بیرون ملک بھاگ جانے میں کامیاب ہوئے تھے نیب نے ان عناصر کو واپس لانے اور انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کیلئے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :