قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کی یمن میں فوج بھیجنے کی شدید مخالفت،پاکستان کے اندر پہلے ہی آگ لگی ہوئی ہے،پاک فوج حکومت کی پالیسی پر عمل کرے گی ، سیکریٹری دفاع

بدھ 1 اپریل 2015 09:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اپریل۔2015ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے یمن میں فوج بھیجنے کی شدید مخالفت کی ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ جنگ میں حصہ لینے سے پاکستان کے اندر آگ کے شعلے بھڑک اٹھیں گے اوران کو موجودہ حکومت بجھانے کی اہلیت ہی نہیں رکھتی ، سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو یقین دلایا ہے کہ فوج اور حکومت کا موقف یمن جنگ میں ایک ہی ہے فوج یمن جنگ کے حوالے سے حکومت پر فیصلے پر عمل کرے گی اور فیصلوں کا احترام کرے گی ۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس ایم این اے شیخ روحیل اصغر کی صدارت میں ہوا اجلاس میں پاک نیوی کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔ کمیٹی اجلاس میں کراچی میں رینجرز آپریشن کے کردار کو سراہا گیا اور آپریشن کو جاری رکھنے کی تائید کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نیوی کا کل دفاعی بجٹ سے 12.2فیصد کی منظوری دیدی گئی کمیٹی نے اس میں مزید اضافہ کی بھی سفارش کی تاکہ بحری سرحدوں کا بہتر انداز میں تحفظ کیا جاسکے کمیٹی نے چین سے 8 میرین خریدنے کی منظوری دی جبکہ پاکستان نیوی نے استدعا کی کہ انہیں 294 ملین ڈالر اے ٹی آرز کی اپ گریڈیشن کے لیے چاہیے جس کی متعلقہ وزارت منظوری دے چکی ہے پاکستان نیوی 4ایف 22فریگیٹ اصلت کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی دو چھوٹے جہاز یوٹیلٹی شپ راست گر مداگر اور متعدد ٹگ خریدنے کی بھی منظوری دی گئی پاکستان نیوی کو اپنے ڈاکیارڈ کی اپ گریڈیشن کے لئے بھی فنڈز منظور ہوگئے ہیں اوماڑا میں کیڈٹ کالج کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی گئی نیوی آفیسر نے کمیٹی کو بتایا کہ چین کی مدد سے پاک بحریہ کی استعداد کار کو بہتر بنایا جائے گا ۔

سیکرٹری دفاع کے حوالے سے پاک بحریہ کے کموڈور نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ بحریہ کے دو جہاز یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے روانہ ہوگئے ہیں کمیٹی نے وزیر دفاع کی عدم حاضری پر ناراضگی ظاہر کی جبکہ 23مارچ میں کمیٹی ارکان کو مدعو نہ کرنے پر اظہار تشویش کیا،ممبر کمیٹی ایم این اے مسرت ز یب نے کہا کہ پاکستان یمن جنگ میں شامل ہونے سے گریز کرنے پرائی جنگ میں گھسنا اچھا نہیں ہے ہمارے اپنے گھر میں آگ لگی ہوئی ہے شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ پاک فوج یمن جنگ میں نہیں بلکہ اسلام کے دشمن دہشتگردوں کا صفایا کرے گی ایم این اے کشور زہرہ نے کہا کہ مکہ مدینہ کو کوئی خطرہ نہیں اس لئے فوج نہیں جانی چاہیے اجلاس میں محمود اچکزئی ، جنید انور ، دوستین ڈھمکی ، ثریا اصغر ، رسول ساہی ، سعید مہنیس ، ایم بھنڈرا ، ثریا جتوئی ، سنجے پروانی نے شرکت کی ۔