حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرادیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پٹرول4 روپے ، ڈیزل3روپے لٹر مہنگا ،ہائی اوکٹین لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کی سمری دی تھی، حکومت سبسڈی دے گی،وزیر خزانہ اسحاق ڈار

بدھ 1 اپریل 2015 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اپریل۔2015ء)حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرادیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا،پٹرول4 روپے جبکہ ڈیزل3روپے لٹر مہنگا ہوگیا،ہائی اوکٹین لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اوگرا نے قیمتوں میں اضافے کی سمری دی تھی حکومت سبسڈی دے گی۔

تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کے بعد وزیراعظم نے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی ہے جبکہ ہائی اوکٹین،لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں برقرار رہیں گی،پٹرول کی قیمت یکم اپریل سے4روپے فی لیٹر اضافے کے بعد74.29 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت3روپے اضافے کے بعد 86.86 روپے فی لیٹر ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اوگرا نے ہائی اوکٹین کی قیمت میں7.66،پٹرول4.40،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں6.25،لائٹ ڈیزل 2.54اور مٹی کے تیل کی قیمت میں1.54روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی،ہائی اوکٹین،مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا،ان مصنوعات کی قیمتیں مارچ کی مقرر کردہ ہی برقرار رہیں گی جبکہ پٹرول کی قیمت میں4اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں3روپے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے،حکومت ڈیزل کی قیمت میں3.25روپے فی لیٹر سبسڈی دے گی ۔