ینگ ڈاکٹرز آج سڑکیں بلاک کرکے لاہور جام کریں گے

منگل 31 مارچ 2015 02:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء) ینگ ڈاکٹرز آج سڑکیں بلاک کرکے لاہور جام کریں گے۔ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق21مارچ2015کو ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب گورنمنٹ کو پریس کانفرنس کے ذریعے 31مارچ کو سڑکیں بند کرنے کے لئے وارننگ دی تھی۔ ڈاکٹرز ساڑھے دس بجے سے دوپہر دو بجے تک روڑ جام رکھیں گے۔ ڈاکٹر عامر بندیشہ کا کہنا ہے کہ جناح ہسپتال اور شیخ زاید کے ڈاکٹرز کینال روڑ بلاک کریں گے۔

گنگا رام ہسپتال اور میو ہسپتال کے ڈاکٹرز مال روڑ بند کریں گے، چلڈرن ہسپتال اور لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز فیروز پور روڑ جبکہ سروسز اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز جیل روڑ بلاک کریں گے اور یہ سلسلہ تین ہفتوں تک جاری رہے گا اس کے بعد سپریم کونسل کا اجلاس بلا کر کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا اور اگر گورنمنٹ نے کوئی شر پھیلانے کی کوشش کی تو اس کا انجام برا ہوگا۔

(جاری ہے)

پورے پنجاب کے اندر1200پی جی ٹرینی ڈاکٹرز بغیر تنخواہ کے کام کررہے ہیں اور اب محکمہ صحت پنجاب نے ڈسٹرکٹ سے تنخواہ حاصل کرنے300پی جی ٹرنینز کی تنخواہیں بھی بند کردی ہیں جو ایک قابل افسوس امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی نکالی جانے والی10ہزار سے سیٹیں ایک گورکھ دھندہ ہیں جنہیں عام آدمی نہیں سمجھ سکتا۔ محکمہ صحت نے ہمیشہ17سکیل کے ڈاکٹروں کی آسامیاں پیدا کی ہیں جس کی بڑی مثال گورنمنٹ شاہدرہ ہسپتال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آسامیاں پید ا کرنے کے لئے چار درجاتی فارمولا پر عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل آفیسر کی بنیادی بھرتی کا آغاز سکیل18سے کیا جائے اور میڈیکل آفیسر کی بنیادی تنخواہ کم از کم90ہزار کی جائے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت 6ہزار سے زائد ڈاکٹرز ترقی کے منتظر ہیں اور اسی انتظار میں وہ ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ20فیصد صحت کی ذمہ داری کو بھی پورا نہیں کررہی ہے اور موجودہ صورتحال گورنمنٹ کی گڈ گورنس کے منہ پر بہت بڑا طمانچہ ہے۔

متعلقہ عنوان :