یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی نجکا ری کے لئے دانستہ ادارے کو خسارے میں لے جا نے کا انکشا ف ، کارپوریشن کے تمام سنیئر افسران کو قبل از وقت یا جبری ریٹائر کروانے کیلئے چند با اثربیوروکریٹس نے خفیہ منصوبہ بنایا ، منصوبے سے وزیر اعظم اور وفاقی وزیر خزانہ کو بھی بے خبر رکھا گیا، ذرائع

منگل 31 مارچ 2015 02:19

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء )عوام کو اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر فراہمی کے قومی ادارے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی ) کو حکمت عملی کے تحت خسارے میں لے جاکر اس کی نجکاری اور متبادل کے طور پر نئے افسران تعینات کرکے کارپوریشن کے تمام سنیئر ترین افسران کو قبل از وقت یا جبری ریٹائر کروانے کیلئے چند با اثربیوروکریٹس نے خفیہ منصوبہ بنایا ہے اور اس منصوبے سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کوبے خبر رکھا گیا ہے۔

مصدقہ ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ منصوبے کے تحت پہلے یوٹیلٹی سٹورز پر فروخت ہونے والی چینی پر سبسڈی ختم کرائی گئی جس کے بعد کارپوریشن کی ماہانہ مجموعی سیل تقریبا ڈھائی ارب روپے کم ہوگئی جس کا مقصد کارپوریشن کو خسارے میں لے جاکر زیاد ہ تر دور افتادہ علاقوں میں واقع دو سے ڈھائی ہزار سٹورز بند اور چار سے پانچ ہزار ملازمین کو فارغ کرکے نجکاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ سیل کی گرتی ہوئی صورت حال کو پیش نظر رکھتے ہوئے چینی اور چند دیگراشیائے ضروریہ پر سبسڈی کی بحالی کیلئے گزشتہ سال اکتوبر،نومبر میں سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) کی منطوری کیلئے پیش کرنے کا عمل شروع کیا گیامگر تاحال سمری پیش نہیں کی گئی جس کے باعث سیل کو کم رکھ کر ادارے کو نجکاری کی طرف دکھیلناہے،چینی پر سبسڈی ختم ہونے کے بعد سے گزشتہ ساڑھے سات ماہ(اگست،15 مارچ) کے دوران یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی مجموعی سیل15رب روپے سے زائد کم ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق خفیہ منصوبے کے تحت یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں متبادل کے طور پر تین افسران(چیف فنانشل آفیسر،چیف انٹرنل آڈیٹر،کمپنی سیکریٹری) کو چند ماہ قبل لاکھوں روپے کے پیکچ پر تعینات کیا جاچکا ہے اور مزید دو افسران (جی ایم آئی ٹی ،جی ایم ہومین ریسورس )کی تعیناتی کیلئے انٹرویوز 19,20مارچ کو ہوچکے ہیں جبکہ ڈائریکٹرریٹیل بزنس آپریشنز اور ڈائریکٹر کمرشل اینڈ چیف آپریٹنگ آفیسر کی تعیناتی کیلئے گزشتہ دنوں اشتہار شائع ہوچکا ہے ،اگلے مرحلے میں کارپوریشن کے تمام سنیئر ترین افسران کو قبل از وقت یا جبری ریٹائرکروانے کی حکمت عملی اپنائی جائیگی جس کی زد میں گریڈ بیس کے تمام تین اور گریڈ انیس کے چند آفسران آسکتے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ تین ماہ سے زائد کا عرصہ ہوچکا کارپوریشن کے امورکو اضافی ایم ڈی کے چارج کے ساتھ نمٹایا جارہا ہے جبکہ وزارت صنعت و پیداوار کے سنیئر جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر مختار کے پاس ایم ڈی یو ایس سی کا اضافی چارج بھی ہے کی بطور ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن 13مارچ سے تین ماہ کیلئے توسیع کردی گئی ہے