عمران خان میں برداشت نہیں دعا گو ہیں شادی کے بعد طبیعت میں ٹھہراؤ آئے گا،خواجہ سعد رفیق، کراچی آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے کوئی سیاسی جماعت پریشان نہ ہو ۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو

منگل 31 مارچ 2015 02:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھی 2013 ء کی اسٹیبلشمنٹ کے گھوڑے تھے‘ انہوں نے کون سا کارنامہ سرانجام دیا کہ اتنے ووٹ مل گئے‘ عمران خان میں برداشت نہیں دعا گو ہیں شادی کے بعد طبیعت میں ٹھہراؤ آئے گا ہم نے سب کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا عمران خان کو روٹی ہضم نہیں ہوتی کراچی آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے کوئی سیاسی جماعت پریشان نہ ہو ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ این اے 125 میں پولنگ کے دن اور پچاس گھنٹے بعد تک تحریک انصاف نے کوئی الزام نہیں لگا یہاں پر پولنگ کے دن پر امن پولنگ ہوئی۔ جس کو میڈیا سمیت سب نے دیکھا انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ساتھی اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے گھوڑے تھے عمران خان نے کیا ایسا کارنامہ سرانجام دیا کہ انہیں اتنے ووٹ مل گئے ۔

(جاری ہے)

عمران خان میں برداشت کا مادہ نہیں دعا گو ہیں ان کے اندر ٹھہراؤ آئے انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے پاس دھاندلی کا کوئی ثبوت نہیں اور نہ ہی کوئی دستاویز ہے نجم سیٹھی نے ہمارے ساتھ زیادتی کی کسی اور سے نہیں کی انہوں نے چپڑاسی سے لے کر افسران تک سب کو بدل دیا تھا ہم نے عمران خان سمیت سب کے مینڈیٹ کو تسلیم کرلیا تھا عمران خان کو روٹی ہضم نہیں ہوتی انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن سے قبل سب کو آن بورڈ لیا گیا امن کی بحالی حکومت کی ذمہ داری ہے کراچی آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے کسی جماعت کو پریشان نہیں ہونا چاہیے۔