سیاسی و عسکری قیادت کا سعودی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے عزم کا ایک مرتبہ پھر اعادہ ، وزیراعظم نواز شریف کا جلد برادر اسلامی ممالک کی قیادت کے ساتھ رابطے کا فیصلہ،اعلیٰ سطح کا وفد آج سعودی عرب جائیگا،سعودی عرب کی خودمختاری اور سالمیت کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا،نوازشریف کا مشرق وسطی کی صورتحال پر اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

منگل 31 مارچ 2015 02:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مارچ۔2015ء)سیاسی اور عسکری قیادت نے سعودی عرب کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کے عزم کا ایک مرتبہ پھر ا عادہ کیا ہے، وزیراعظم نواز شریف نے جلد برادر اسلامی ممالک کی قیادت کے ساتھ رابطے کا فیصلہ بھی کیا ہے،اعلیٰ سطح کا وفد آج (منگل کو )سعودی عرب جائیگا ۔وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پرغور کے لیے اعلی سطحی اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ایئر چیف ایئر مارشل سہیل امان، وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس یمن اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مشرق وسطیٰ میں بگڑتی صورتحال میں نتیجہ خیز کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا ۔

(جاری ہے)

یمن میں فوج بھیجنے کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا گیا ۔وزیراعظم نے شرکاء کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے اپنی ٹیلی فونک گفتگو پر اعتماد میں۔وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور سالمیت کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔

اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے سعودی عرب کی خود مختاری اور سلامتی کے تحفظ کا دوبارہ عزم ظاہر کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم اْمہ کے اتحاد اور بحران کے پرْامن حل کیلئے دوست ملکوں سے رابطہ کیا جائے گا، پاکستان مشرق وسطیٰ کے مسئلے کے حل کیلئے عملی اقدامات کے ذریعے مدد کرے گا اور تعمیری کردار ادا کرے گا، سعودی عرب کی سالمیت اورخودمختاری کی حفاظت کیعزم پر قائم ہیں۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی مسئلے کے سیاسی حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم ن مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے متعلق جلد برادر اسلامی ممالک کی قیادت کے ساتھ رابطے کریں گے ۔اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون پاکستانی عوام کی خواہش ہے، مشرق وسطیٰ صورتحال پر کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔