گوجر خان،منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ایان علی کے والد پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے، ڈی ایچ کیو راولپنڈی ہسپتال منتقل ،گولی کندھے پر لگی ہے ،حالت خطرے سے باہر ، پولیس ،مجھ پر فائرنگ کرنے والے وہ لوگ ہیں جن کا پیسہ تھا ،والد ایان علی ،کافی عرصہ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں،پکڑا جانیوالا پیسہ ایان علی کا نہیں ہے،بیٹی نے سارا ملبہ اپنے اوپر لے لیا ہے،مجھے ایان علی سے نہیں ملنے دیا جارہا ،اصل ملزمان کا چہرہ بے نقاب کروں گا ،جان کو خطرہ ہے ،تحفظ کیلئے سکیورٹی دی جائے ،راجہ محمد حفیظ کا پولیس کو ابتدائی بیان

اتوار 29 مارچ 2015 01:47

گوجر خان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مارچ۔2015ء) منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ماڈل اداکارہ ایان علی کے والد گوجر خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر راولپنڈی ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ہفتہ کے روز ماڈل اداکارہ ایان علی کے والد محمد حفیظ گاڑی پر جارہے تھے کہ گوجر خان میں جناح ہوٹل کے قریب نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو راولپنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

پولیس حکام کے مطابق ماڈل اداکارہ ایان علی کے والد محمدحفیظ کو گولی کندھے پر لگی ہے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے اور محمد حفیظ حالت خطرے سے باہر ہے ۔ماڈل اداکارہ کے والد راجا محمد حفیظ نے کہا ہے کہ مجھ پر فائرنگ کرنے والے وہ لوگ تھے جن کا پیسہ تھا ،کافی عرصہ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہے ،منی لارنڈرنگ کیس میں بیٹی ایان علی نے سارا ملبہ اپنے اوپر لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز ڈی ایچ کیو میں ایان علی کے والد راجہ محمد حفیظ نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ آج صبح بیٹی ایان علی سے ملنے کیلئے گوجر خان سے راولپنڈی جارہا تھا کہ جناح ہوٹل کے قریب ملزموں نے مجھ پر فائرنگ کردی اور گولی میرے کندھے پر لگی جس سے میرا کندھا ناکارہ ہوگیا ہے ۔راجہ محمد حفیظ نے کہا کہ مجھ پر فائرنگ کرنے والے ملزمان وہ لوگ ہیں جن کا پیسہ تھا اور یہ لوگ کافی عرصہ سے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ،انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے اور دونوں نے ہیلمنٹ پہن رکھی تھی،انہوں نے کہا کہ انہیں بیٹی ایان علی سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے ،ائیر پورٹ پر پکڑے جانے والا پیسہ ایان علی کا نہیں ہے ،ایان علی نے سب کچھ اپنے اوپر لے لیا ہے اور ملزموں کا نام نہیں بتا رہی اور میری بیٹی پر مسلسل دباؤ ڈالا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ مجھے میری بیٹی ایان علی سے ملاقات کرائی جائے تا کہ میں اپنی بیٹی کو سمجھا سکوں تاکہ اصل ملزمان کیفرکردار تک پہنچ سکیں،انہوں نے کہا کہ مجھ اس لئے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا کیونکہ میں منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ملزمان کے چہرے نقاب کرنے کیلئے بیٹی سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں ،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے انہیں اور ان کے خاندان کو تحفظ کیلئے سکیورٹی دی جائے ۔