آئندہ نسلوں کو دہشت گردوں سے پاک پاکستان فراہم کریں گے‘ آرمی چیف، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے بھرپور جنگ کررہے ہیں‘ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے ،لاہور میں سی ایم ایچ میڈیکل کالج کے کانووکیشن سے خطاب

اتوار 29 مارچ 2015 01:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مارچ۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کو دہشت گردوں سے پاک پاکستان فراہم کریں گے‘ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے بھرپور جنگ کررہے ہیں‘ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے‘ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لاہور میں سی ایم ایچ میڈیکل کالج کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا سرحدوں کی محافظ قومی ترقی میں اہم کردار ہے‘ قدرتی آفات اور فوجی آپریشنز میں میڈیکل کور کا کردار قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو بہتر صحت کی سہولت فراہم کرنا ترجیح ہونی چاہیے ۔ صحت سمیت ہر شعبے میں تحقیق ہماری ضروریات ہیں ملک میں کہیں بھی دہشت گرد ہوں گے ان کا پیچھا کریں گے۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنی آئندہ آنے والی نسل کو دہشت گردی سے پاک پاکستان دینا ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ جسمانی ،ذہنی اور سماجی صحت مضبوط قوم بنانے میں کردار ادا کرتی ہے اور عام آدمی کو پیشہ وارانہ صحت کی سہولیات کی فراہمی پر ایک کی ترجیح ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ فروری اور مسلسل تحقیق ہماری قومی ضرورت ہے جس کے بغیر کوئی ادارہ کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ قومی ترقی میں ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ان کے علم اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے دہشتگردی سے پاک موزوں ماحول فراہم کرنے کی کوشش کریں۔ہم دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ کر رہے ہیں اس کے مکمل خاتمے کیلئے ملک میں کسی بھی جگہ جائیں گے۔آرمی چیف نے طلبہ میں ڈگریاں اور میڈل تقسیم کئے۔کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔