مسئلہ کشمیر پر بھارتی بالادستی ناقابل قبول ہے ۔ سرتاج عزیز ، مسئلہ کشمیر پرہمیں بھارت کی ڈکٹیشن ہرگز قبول نہیں، مسئلے کو سردخانے میں ڈال کر آگے نہیں بڑھا جا سکتا،حریت رہنماؤں سے پاکستانی ہائی کمشنر کی ملاقات پر بھارتی واویلا بلاجواز ہے ، انٹرویو

ہفتہ 28 مارچ 2015 03:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مارچ۔2015ء) وزیر اعظم کے امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کی بالادستی ناقابل قبول ہے حریت رہنماؤں کے ساتھ پاکستانی ہائی کمشنر کی ملاقات پر بھارتی اعتراض بے بنیاد ہے ۔ ایک غیر ملکی جریدے کو انٹرویو دیتے ہوئے امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کاہ کہ مذاکرات کئے تو انہیں محسوس ہو گیا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا حامی ضرور ہے لیکن وہ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو شامل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اب کی بار ہم بھارتی قیادت پر دوٹوک الفاظ میں واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر پرہمیں بھارت کی ڈکٹیشن ہرگز قبول نہیں اور اس مسئلے کو سردخانے میں ڈال کر آگے نہیں بڑھا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے اور ان کے دورے کے دوران دونوں وزراء اعظم میں سربراہی ملاقات کا ابھی امکان ہے جس میں مذاکرات بارے بھی اہم پیشرفت ہو سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تعلقات کی بہتری کے لئے اب دونوں ممالک کو روایتی ٹکراؤ اور تشدد ترک کر کے نتیجہ خیز مذاکرات کرنا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں اس لئے حریت رہنماؤ سے پاکستانی ہائی کمشنر ک ملاقات پر بھارتی واویلا بلاجواز ہے ۔