کنٹونمنٹ بورڈز میں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کی کوشش کی گئی تو پیپلزپارٹی عدالت سے رجوع کر یگی،آصف زرداری ، پیپلز پارٹی ملک بھر سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، بڑے عوامی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے، لیاری پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے، لیاری سمیت کراچی کے مختلف علاقوں کا خود دورہ کروں گا،کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کی خود نگرانی کروں گا،ضلعی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں گفتگو

جمعہ 27 مارچ 2015 09:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں، اگر ملک کے کنٹونمنٹ بورڈز کے علاقوں میں غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کی کوشش کی گئی تو پیپلز پارٹی عدالت سے رجوع کرے گی۔ پیپلز پارٹی ملک بھر سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

پارٹی رہنما اور کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لئے بڑے عوامی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔ لیاری پیپلز پارٹی کا قلعہ ہے، لیاری سمیت کراچی کے مختلف علاقوں کا خود دورہ کروں گا۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان اور عوام سے ملاقاتیں کروں گا۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کی خود نگرانی کروں گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اور کراچی کے تمام ضلعی عہدیداروں سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر شیریں رحمان، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور، سینیٹر سعید غنی اور دیگر بھی موجود تھے۔ سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کراچی ضلع غربی، جنوبی، شرقی، وسطی اور کورنگی وملیر کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔

ضلعی عہدیداروں نے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اور ضلعی عہدیداروں نے اپنے اپنے ضلع میں پارٹی کے تنظیمی امور، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور عوام کے درمیان مضبوط رشتہ ہے، اس رشتہ کو کوئی جدا نہیں کرسکتا۔ پیپلز پارٹی کی طاقت عوام ہے ۔ ہم نے پہلے بھی تمام سازشوں کا مقابلہ عوام کی طاقت سے کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں بھی بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ غیر جماعتی بنیادوں پر کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات غیر جمہوری روایات ہیں۔ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔ جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینا عوام کا حق ہے اور اس حق سے انہیں کوئی محروم نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اپریل میں کنٹونمنٹ بورڈ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا اعلان کرے ورنہ پیپلز پارٹی عدالت سے رجوع کرے گی اور نامور قانونی ماہرین عوام کا مقدمہ عدالتوں میں لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی کے تمام رہنما وکارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور حصہ لے گی، عوامی اجتماعات منعقد کئے جائیں گے اور بڑے جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کراچی ڈویژن اور ضلعی عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ عوام سے رابطے شروع کردیں۔ تمام علاقوں میں پیپلز پارٹی کے دفاتر کھولے جائیں، کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی عہدیداروں اور عوام سے رابطوں میں رہیں۔ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں ضلعی، ٹاؤن، تحصیل، تعلقہ اور یونین کونسل کی سطح پر کی جائیں۔

انتخابی رابطہ مہم کے لئے کمیٹیاں قائم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی کے مسائل پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ کراچی کے شہریوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے مزید اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ براہ راست کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کریں گے۔ لیاری سمیت کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عوام اور کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے تنظیمی امور کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور تمام علاقوں میں پارٹی کو فعال کیا جائے گا۔ ان ملاقاتوں میں پیپلز پارٹی کے بانی وسابق ذوالفقار علی بھٹو کی 4 اپریل کو برسی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں ہونے والے عوامی اجتماع میں شرکت کے لئے تیاریاں شروع کردیں۔ سابق صدر نے پارٹی کی صوبائی اور کراچی ڈویژن کی قیادت کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے لئے کارکنان سے رابطہ کرکے سفارشات طلب کریں اور ان سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے لئے حکمت عملی مرتب کریں