دہشت گردوں پر ہاتھ ڈالا ہے اب وہ بھاگ رہے ہیں ،نواز شریف ، جنوبی ایشیاء میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں ،ملک میں امن لاکر دم لیں گے،آخری دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے ،،پاکستان اور افغانستان نے ملکر دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ، دہشت گردی کے خلاف پورے عزم کے ساتھ لڑرہے ہیں،ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے،جس کا اعتراف غیر ملکی ادارے کررہے ہیں،دنیا ہمارے بارے میں اچھی رائے قائم کررہی ہے انشاء اللہ ہمارا مستقبل روشن ہے،بجلی اور گیس بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، خیبر پختونخواہ میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ،،پشاور مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے ،آئندہ الیکشن میں یہ گڑھ واپس لیں گے،میں جھوٹ نہیں بولتا ، کسی پر بہتان نہیں لگاتا ، کسی پر گندی زبان استعمال نہیں کرتا ، صرف عوام کی فائدے کی بات کرتا ہوں اور جو وعدہ عوام سے کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں،بہت جلد عوام کے پاس جاؤں گااور ان کے مسائل حل کروں گا،بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے،وزیر اعظم کا مسلم لیگ (ن) ورکرز کنونشن سے خطاب، لیگی قومی و صوبائی ارکان سے گفتگو

جمعہ 27 مارچ 2015 09:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مارچ۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پورے جنوبی ایشیاء میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں آخری دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے ،ملک میں امن لاکر دم لیں گے ،دہشت گردوں پر ہاتھ ڈالا ہے وہ اب بھاگ رہے ہیں ،پاکستان اور افغانستان نے ملکر دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا ہے ، دہشت گردی کے خلاف پورے عزم کے ساتھ لڑرہے ہیں،دنیا ہمارے بارے میں اچھی رائے قائم کررہی ہے انشاء اللہ ہمارا مستقبل روشن ہے ،خیبر پختونخواہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے ، یہاں نیا پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ،میں جھوٹ نہیں بولتا ، کسی پر بہتان نہیں لگاتا ، کسی پر گندی زبان استعمال نہیں کرتا ، صرف عوام کی فائدے کی بات کرتا ہوں اور جو وعدہ عوام سے کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب اورلیگی قومی و صوبائی ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو دیکھ کر ،آپ کے جذبے دیکھ کر میرا دل آپ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ کے چہروں پر رونق ہوئی ہے ،یہ اس بات کی دلیل ہے کہ آپ کا مستقبل روشن ہے ،مسلم لیگ (ن) کی بنیاد پشاور سے ہوئی ہے ،پشاور مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے اور یہ گڑھ واپس لیں گے ،ہم نے تحریک انصاف کو پورا موقع دیا ہے ،وہ نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں لیکن ہم نیا خیبر پختونخواہ دیکھنا چاہتے ہیں ،تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں ووٹوں میں زیادہ فرق نہیں ہے ، مسلم لیگ (ن) نے 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے لیکن تحریک انصاف نے 10 لاکھ ووٹ لئے صرف ایک لاکھ70 ہزار ووٹوں کا فرق ہے اگلے الیکشن میں یہ فرق ختم ہو جائے گا ۔

2 سال مکمل ہونے والے ہیں لوگوں کو نیا پاکستان بننے کی کوئی جھلک نظر نہیں آئی ہے ، وفاقی حکومت نیا خیبر پختونخواہ ضرور بنائے گی ۔1999 ء میں پشاور سے اسلام آباد اور لاہور تک موٹروے بنایا لیکن اس کے بعد آج تک کوئی موٹروے نہیں بنایا گیا ،لاہور سے کراچی تک موٹروے پر کام شروع کر دیا ہے اور پشاور والے جہاز کی بجائے گاڑی پر سفر کریں گے ،ہزارہ موٹروے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کو اکٹھا کریں گے ،بھاشا ڈیم بنا رہے ہیں اور اس کی زمین خریدنے کے لئے200 ارب ادا کر دیئے ہیں اور اس میں خیبر پختونخواہ میں روز گار مہیا کیا جائیگا ،وہ دن دور نہیں جب خیبر پختونخواہ کے چپے چپے میں موٹروے بنائیں گے ،سکول ،یونیورسٹیاں تعمیر کریں گے ،خیبر پختونخواہ میں طلبہ کوجدید ترین تعلیم سے آراستہ کریں گے اور میرٹ پر طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے ۔

خیبر پختونخواہ میں نیا پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں ،ہم نے جو بھی عوام سے وعدہ کئے ہیں وہ پورے کررہے ہیں ،وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں پر ہاتھ ڈالا ہے ،دہشت گرد بھاگ رہے ہیں ان کی کمر ٹوٹ گئی ہے ، پاکستان میں دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائیگا ،دہشت گردوں کی ملک میں رہنے کی کوئی گنجائش نہیں ان کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ،انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیاب ہوگی ،جو مذہب کے نام پر لوگوں کو مارتے ہیں ان کی ملک میں رہنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے ،ہم نے ان کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے ،ہم پاکستان کو پرامن ملک بنائیں گے اور خوشحالی لائیں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں جھوٹ نہیں بولتا ،میں کسی پر بہتان نہیں لگاتا ،میں کسی پر گندی زبان استعمال نہیں کرتا ،میں صرف عوام کی فائدے کی بات کرتا ہوں اور جو وعدہ عوام سے کرتا ہوں وہ پورا کرتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے تین سالوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائے گی ،ہم نے لوڈشیڈنگ ختم ہی نہیں بلکہ سستی بجلی پیدا کررہے ہیں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی میں کمی آئی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ بہت جلد عوام کے علاقوں میں آؤں گا اور ان کے مسائل کو حل کروں گا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات آنے والے ہیں انشاء اللہ ہم اس میں سرخرو ہوں گے اور عوام کی خدمت کریں گے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کا اعتراف غیر ملکی ادارے کررہے ہیں ،پاکستان کا امیج دنیا بھر میں بہتر ہو رہا ہے اور ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے ، دنیا میں ہمارے بارے میں اچھی رائے قائم ہو رہی ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی اور گیس بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں اور اس قلت کو جلد دور کر دیا جائیگا ،غیر ملکی سرمایہ کاری سے معیشت بہتر ہو رہی ہے ،معیشت بہتر ہوگی تو ملک بھی مستحکم ہوگا،معیشت مضبوط ہوگی تو مسائل بھی خود بخود حل ہوتے جائیں گے ،ہماری معیشت کا انحصار توانائی پر ہے جس کے لئے دن رات کام کررہے ہیں، امید کی کرن پیدا ہوئی ہے انشاء اللہ ہمارا مستقبل روشن ہے اور ایک روشن پاکستان دیکھ رہا ہوں ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت بھی ملک کو کئی چیلنجز درپیش ہیں لیکن ان چیلنجز سے جرا ت کے ساتھ سامنا کررہے ہیں ۔دہشت گردی کے خلاف پورے عزم کے ساتھ لڑرہے ہیں، آخری دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے ۔آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے زبردست نتائج سامنے آئے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئی ہے اور مستقبل میں بھی مزید تعلقات کو مضبوط کیا جائیگا ،دونوں ممالک کے تعاون سے دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ کر دیا گیا ہے، دونوں ممالک نے دہشت گردوں کو اپنے ملک میں پناہ نہ دینے کا عزم کررکھا ہے ،افغانستان کے ساتھ طے ہوا ہے کہ دونوں ممالک دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں گے اور خطے میں امن وامان قیام کیلئے اہم کردار ادا کریں گے ،انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیاء میں کوئی جگہ نہیں ہے ان کے خاتمے تک جنگ لڑتے رہیں گے ،وزیر اعظم نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لیں گے اور حلقوں کی سطح پر ٹیمیں بنا کر ذمہ داریاں سنبھالی جائیں گی ۔