خیرپور کے قریب روڈ حادثے میں خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق ، 20 سے زائد زخمی، امدادی کارروائیوں میں تاخیر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ سمیت سیاسی مذہبی رہنماؤں کا اظہار افسوس

جمعرات 26 مارچ 2015 01:22

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مارچ۔2015ء) خیرپور کے قریب روڈ حادثے میں خواتین سمیت 15 افراد لقمہ ا جل، 20 سے زائد زخمی، زخمی اور لاشیں گمبٹ، ٹھری میرواہ اور خیرپور اسپتال منتقل، امدادی کارروائیوں میں تاخیر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ سمیت سیاسی مذہبی رہنماؤں کا اظہار افسوس۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور سے 40 کلومیٹر دور مہران ہائی وے پر اسلام آباد سے کراچی جانے والی مسافر کوچ 8228 مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں محمد طیب، عبدالعزیز، جواد، حسن قریشی، حماداللہ، سلطان خان، ثمینہ، زوہیب، ارشد، حضرت علی، شوکت علی، عرفان احمد، فیصل مہر اور شوکت علی شامل ہیں جن کا تعلق کراچی، ملتان، مظفر گڑھ، لوئر دیر دیگر علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔

زخمیوں میں سحرش، اسد، کوثر، صادق، حاشر، محسن، ذوالفقار، حمزہ، شازیہ، گلزار دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حادثے میں کوچ ڈرائیور اور میزبان خاتون بھی جاں بحق افراد میں شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو گمبٹ، ٹھری میرواہ اور خیرپور کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق امدادی کارروائیاں تاخیر سے شروع ہونی کی وجہ سے زخمی تڑپتے رہے اور کئی زخمیوں نے فوری طبی امداد نہ منے پر جائے حادثہ پر ہی دم توڑ دیا جبکہ نامعلوم افراد مسافروں کا سامان بھی چوری کرکے فرار ہوگئے۔

کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی ودیگر حکام نے اسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کی اور لاشوں کی آبائی علاقوں کو منتقلی کیلئے ہدایات دیں۔ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، صوبائی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر معراج الہدیٰ، ایم کیوایم قائد الطاف حسین، فنکشنل لیگ رہنما نصرت سحر، جے یو آئی رہنما راشد محمود، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر در محمد خاصخیلی سمیت دیگر رہنماؤں نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کی بخشش اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیئے دعائیں کیں۔ کوچ کے مسافروں کے مطابق حادثہ کوچ ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا، وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

متعلقہ عنوان :