بھا رت : فوجی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ لاپتہ، لاپتہ 2 پائلٹوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا گیا

جمعرات 26 مارچ 2015 01:31

ممبئی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مارچ۔2015ء )بھا رتی نیوی کا ایک طیارہ مغربی ساحلی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ لاپتہ ہوگئے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق منگل کو رات گئے انڈین نیوی کا ڈورنیئر ایئرکرافٹ طیارہ مغربی ساحلی علاقے گوا میں سمندر میں گرکر تباہ ہوگیا۔

(جاری ہے)

بدھ کی صبح انڈین نیوی کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق طیارہ اپنی معمول کی تربتی پرواز پر تھا، کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

بیان کے مطابق طیارے میں عملے کے تین افراد سوار تھے، جن میں سے ایک کو بچا لیا گیا جبکہ دو پائلٹ لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔چند ماہ قبل بھی ہندوستان کے جنوب مشرقی ساحل پر انڈین نیوی کا جہاز ڈوبنے سے عملے کا ایک رکن ہلاک جبکہ چار لاپتہ ہوگئے تھے۔