برطانیہ سے سکار ٹ لینڈ یارڈ کی تین رکنی ٹیم آئندہ دوروز میں پاکستان آئے گی،صولت مرزا کا عمران فاروق قتل کیس میں بیان ریکارڈ کرائے گی،تین افسران پر مشتمل اس ٹیم کی سربراہی ایک خاتون آفیسر کر رہی ہیں

جمعرات 26 مارچ 2015 01:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مارچ۔2015ء) پھانسی کے منتظر مجرم صولت مرزا کا عمران فاروق قتل کیس میں بیان ریکارڈ کرنے کے لئے برطانیہ سے سکار ٹ لینڈ یارڈ کی تین رکنی ٹیم خاتون آفیسر کی سربراہی میں دو روز کے بعد پاکستان آئے گی۔ وفاقی وزارت داخلہ کے معتبر ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس میں مجرم صولت مرزا کا پھانسی سے ایک دن قبل وڈیو بیان سامنے آنے کے بعد حکومت برطانیہ نے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا اور صولت مرزا کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت طلب کی۔

(جاری ہے)

جس پر وزارت داخلہ نے وفاقی حکومت سے اجازت حاصل کرنے کے بعد برطانوی حکومت کو گرین سگنل دے دیا ہے ذرائع نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی حکومت نے عمران فاروق قتل کیس کے لئے اپنے سرکاری تحقیقاتی ادارے سکاٹ لینڈ یارڈ کی 3 رکنی ٹیم بنا دی ہے جو دو روز کے بعد صولت مرزا کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے پاکستان پہنچ جائے گی تین افسران پر مشتمل اس ٹیم کی سربراہی ایک خاتون آفیسر کر رہی ہیں۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کے ان تینوں افسران کی ناموں کی فہرست برطانوی حکومت کی جانب سے وزارت داخلہ کے حکام کو بھجوائی جا چکی ہے۔