وزیراعلیٰ پنجاب کی بیجنگ میں چینی وزیر خا رجہ سے ملاقات،پاک چین تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق،پاکستان کے ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں، ترقی کے سفر میں پاکستانی چین کو اپنا ہم قدم پائیں گے:چینی وزیر خارجہ، اکنامک کوریڈورخطے میں مثبت تبدیلیوں کا پیامبر ثابت ہوگا،شاہراہ معیشت نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت دی ہے:شہبازشریف، معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کیساتھ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے،چینی صدر دورہ پاکستان میں متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے،وزیراعلیٰ کی چینی وزیرخارجہ سے گفتگو

جمعرات 26 مارچ 2015 01:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بدھ کے روز بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی(Mr.Wang Yi) سے ملاقات کی۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے ہر مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں۔ ترقی کے سفر میں پاکستانی چین کو اپنا ہم قدم پائیں گے۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی سمت درست ہے اور پاکستان کے انسداد دہشت گردی کیلئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔چینی عوام اور حکومت پاکستان کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتے ہیں اورپاکستان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی مثالی ہے اوردونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا دل سے احترام کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چین کے وزیرخارجہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین میں ہر دفعہ پہلے سے زیادہ محبت ملتی ہے۔

شاہراہ معیشت نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت عطا کی ہے۔ چین پاکستان کا ایسا مخلص اوربااعتماد دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے ۔علاقائی و عالمی امور میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی موقف کی تائید کی ہے ۔چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ رجوعہ میں قیمتی معدنی ذخائر کی تلاش کے کام میں چین کا تعاون اورکردارکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

وزیراعظم محمدنوازشریف کے دورمیں پاکستان اورچین کے مابین دوستی کے رشتے سود مند معاشی تعلقات میں ڈھل رہے ہیں اورمختلف شعبوں میں تعاون کے نئے دریچے کھل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے صدر کے دورے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیااوردوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔

پاک چائنہ اکنامک کوریڈور جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کا چوتھا اجلاس :بیجنگ میں آج پاک چائنہ اکنامک کوریڈور جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے شرکت کی اورجوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈورخطے میں مثبت تبدیلیوں کا پیامبر ثابت ہوگا۔

اکنامک کوریڈ ور کا اجراء چین کی لیڈر شپ کا پاکستان کی موجودہ قیادت پر بھر پور اعتماد کااظہار ہے۔شاہراہ معیشت کے منصوبے سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہچین کے صدر اپنے دورہ پاکستان میں اربوں روپے کے متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کایہ منصوبہ پاکستان اور چین دونوں کیلئے سود مند ہے۔

پاکستان اور چین کو آئندہ عشرے کو عشرہ پاک چین دوستی قرار دینا چاہیے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے بھی بیجنگ میں چین کے تعمیراتی شعبے سے وابستہ ماہرین اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کی اوران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گیس کے ذریعے 3600میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں- 2017ء کے اختتام تک یہ کارخانے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے- وفاقی اور پنجاب حکومت ان منصوبوں کے لئے اپنے وسائل سے سرمایہ لگا رہی ہے- وزیراعلی نے چینی کمپنیوں کو گیس سے چلنے والے بجلی کے کارخانوں کی تنصیب و تعمیر کے کاموں میں شرکت کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیوں کی جانب سے ان منصوبوں کی تنصیب و تعمیر کے کام میں حصہ لینے کا خیر مقدم کریں گے اور چینی ماہرین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیاجائے گا- انہوں نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد کے لئے ٹرمینل اور گیس پائپ لائن کی استعداد بڑھائی جا رہی ہے- ہمارا ہر قدم ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے اٹھ رہا ہے اور اس ضمن میں چین کا تعاون قابل تحسین ہے۔