جنوبی افریقہ چوکرز کا لیبل نہ اتار سکا ، کیویز نے تاریخی فتح اپنے نام کرکے فائنل ..
تازہ ترین : 1

جنوبی افریقہ چوکرز کا لیبل نہ اتار سکا ، کیویز نے تاریخی فتح اپنے نام کرکے فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ، افریقن کھلاڑی کپتان سمیت رو پڑے ، بارش سے متاثرہ میچ میں نیوزی لینڈ نے 298 رنز کا ہدف سنسنی خیز مقابلے کے بعد مقررہ اوورز سے ایک گیند پہلے حاصل کرکے پورے ایونٹ میں ابھی تک ناقابل شکست رہے ، گرانٹ ایلیٹ نے 84 اننگز کی اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ، میککلم نے 59 رنز کی اننگز کھیلیں جنوبی افریقا کی جانب سے فاف ڈوپلیسی نے 82 جب کہ ڈویلیئرز نے 65 رنز کی اننگ کھیلی، کورے اینڈرسن نے 3 جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹ حاصل کئے،نیوزی لینڈ کے پہلی بار فائنل میں پہنچنے پر آکلینڈ میں جشن ، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مارچ۔2015ء) آئی سی سی ورلڈ کپ 2015 کے بارش سے متاثرہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے افریقہ چوکرز کا لیبل نہ اتار سکا ، کپتان سمیت دیگر کھلاڑی آبدیدہ ہوگئے ، کیویز کی پہلی بار فائنل میں پہنچے پر آکلینڈ میں جشن آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے جارہے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیئے گئے 298 رنز کا ہدف مقررہ اوورز سے ایک گیند پہلے حاصل کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی کی جانب سے کپتان برینڈن میککلم نے جارحانہ آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی جسے بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے مکمل کیا۔

گرانٹ ایلیٹ نے 84 رنز کی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی جب کہ میککلم نے 59 اور کورے اینڈرسن نے 58 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردارادا کیا۔ جنوبی افریقا کی جانب سے مورنی مورکل نے 3 جب کہ جے پی ڈومنی اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ سود مند ثابت نہ ہوا اور ہاشم آملہ 21 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے جب کہ کوئنٹن ڈی کوک بھی 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔

فاف ڈوپلیسی اور روسو نے جنوبی افریقی ٹیم کو تھوڑا سنبھالا دیا تاہم روسو بھی 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ایک موقع پر جنوبی افریقا کے 114 رنز پر 3 کھلاڑی آوٴٹ ہو چکے تھے لیکن اے بی ڈویلیئرز نے آتے ہی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور 38 اوورز میں 216 رنز پر پہنچا دیا۔ جب بارش کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا ڈوپلیسی اپنے اسکور میں اضافہ کئے بغیر 82 پر ہی آوٴٹ ہو گئے۔

ڈیوڈ ملر نے 18 گیندوں پر برق رفتار 49 رنز اسکور کئے جب کہ ڈویلیئرز نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقا نے مقررہ 43 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے لیکن ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 298 رنز کا ہدف ملا ہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن نے 3 جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹ حاصل کئے۔

وقت اشاعت : 25/03/2015 - 07:25:40

متعلقہ عنوان :

قارئین کی رائے :

اپنی رائے کا اظہار کریں