آڈٹ حکام نے مشرف دور کے 8 اداروں کی نجکاری کو غیر شفاف قرار دیدیا،بھاری کرپشن کی گئی‘ آڈٹ حکام،من پسند افراد کو ادارے اونے پونے داموں بیچ دیئے گئے ، قوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ، 8 اداروں کی نجکاری سے حاصل ہونے والی رقم نجکاری ایکٹ کے مطابق خرچ نہیں کی گئی، حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں پر خرچ کر دی،آڈٹ رپورٹ

بدھ 25 مارچ 2015 07:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مارچ۔2015ء) آڈٹ حکام نے مشرف دور میں 8 سرکاری اداروں کی نجکاری کو غیر شفاف اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ من پسند افراد کو ادارے اونے پونے داموں بیچ دیئے گئے جس سے قوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ آڈٹ حکام نے قرار دیا ہے کہ 8 اداروں کی نجکاری سے حاصل ہونے والی رقم نجکاری ایکٹ کے مطابق خرچ نہیں کی گئی بلکہ حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں پر خرچ کر دی۔

آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا نے پاک امریکہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ‘ پاک عرب فرٹیلائزر‘ پاکستان آئل فیلڈ‘ اٹک ریفائنری لمیٹڈ‘ فلیٹز ہوٹل لاہور‘ کوٹ ادو پاور کمپنی‘ جاوداں سیمنٹ لمیٹڈ اور مستقیم سیمنٹ کمپنیوں کا مکمل آڈٹ کیا جس کی رپورٹ خبر رساں ادارے نے حاصل کر لی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پاک امریکہ فرٹیلائزر کمپنی ابراہیم فائبر کو بیچی گئی اور اس سودے میں اربوں کی مالی بدعنوانیاں کا انکشاف ہوا ہے اس ادارہ کی نجکاری قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مکمل کی گئی نجکاری کمیشن نے ابراہیم فائبر سے لیکویڈیٹ بڈ کی رقم بھی وصول نہیں کی تھی۔

پاک عرب فرٹیلائزر کاسودا ریلائس ایکسپورٹ سے کیا گیا اور ادارہ کی صرف 322 ایکڑ زمین کی قیمت 90 کروڑ روپے لگائی گئی یہ ادارہ صرف 14 ارب ر وپے میں فروخت کر دیا گیا۔ پاکستان آئل فیلڈ کے شیئرز کی فروخت میں اربوں کی بے قاعدگیاں کی گئی تھیں کسی کو ذمہ دار تک نہیں ٹھہرایا گیا۔ اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے شیئرز کی فروخت میں بھی بھاری بدعنوانیاں کا کھوج آڈٹ حکام نے لگایا ہے۔

فلیٹی ہوٹل لاہور جو شہر کے مرکز میں 68 کنال پر محیط ہے کو ایسوسی ایٹ ہوٹل لمیٹڈ کو فروخت کیا گیا۔ اس ہوٹل کی صرف قیمت 1 ارب 21 کروڑ روپے لگائی گئی جو کہ انتہائی کم قیمت ہے۔ مشرف حکومت نے یہ ہوٹل من پسند افراد کو فروخت کر کے قوم کا اربوں روپے کا نقصان کیا۔ کوٹ ادو پاور کمپنی (کیپکو) سٹی بنک کراچی کو فروخت کی گئی اس کمپنی کے شینئرز کی نجکاری میں ہیرا پھیری کی گئی۔

جاودان سیمنٹ لمیٹڈ دادا بھائی انویسٹمنٹ کمپنی کو فروخت کی گئی اس ادارہ کی نجکاری میں سیاسی خاندان نے مالی فائدہ اٹھایا پھر عدالت کے فیصلے کے بعد حاجی عثمان غنی گروپ نے انتظام سنبھال لیا۔ مستقیم سیمنٹ کی نجکاری میں بھی بڑے پیمانے پر مالی بدعنوانیاں سامنے آئی ہیں۔ آڈٹ حکام نے یہ رپورٹ پی اے سی میں بھی جمع کرائی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جن افراد نے نجکاری کرتے وقت کرپشن کی ہے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :