اگر جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو پورے ملک میں نتیجہ خیز تبدیلیاں لانے کے لئے تمام پرائیوٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں میں یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب تعلیم رائج کر ئے گی،سراج الحق، میری یہ خواہش بھی ہے کہ دفاع کے بعد بجٹ کا زیادہ حصہ تعلیم پر خرچ کیا جاسکے،علیٰ تعلیم ہی سے ہم معاشی تبدیلی لا کر سیاسی پختگی حاصل کر سکتے ہیں، ایک مضبو ط اور متحد قوم کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں اور لوگوں میں احساس محرومیاں جڑ سے اکھاڑ سکتے ہیں،تقریب سے خطا ب

منگل 24 مارچ 2015 10:16

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مارچ۔2015ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ اگر جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو پورے ملک میں نتیجہ خیز تبدیلیاں لانے کے لئے نرسری سے لے کر میٹرک تک تمام پرائیوٹ اور سرکاری تعلیمی اداروں میں یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب تعلیم رائج کر ئے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں سو سائٹی آف مکینکل انجینئرنگ پاکستان کے چیپٹر کے زیر اہتمام سہ روزہ ''آل پاکستان ٹیکفسٹ''(TECHFEST) کی تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ریکٹر انسٹی ٹیوٹ جہانگیر بشر، سابق ایم این اے محمد عثمان خان ایڈوکیٹ اور دیگر حکام اور طلبہ بھی اس موقع پر موجود تھے جب کہ محمد عثمان خان ایڈوکیٹ نے نمایاں کارکر دگی کا مظاہرہ کر نے والے طلبہ میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

سرا ج الحق نے کہا کہ آٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد تعلیم کے شعبے کو وفاق کے ساتھ ہونا چاہئے تھا اور یہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے انکو صوبوں کو منتقل نہیں کرنا چاہئے تھا تاہم ا س سلسلے میں وفاقی حکومت اور تعلیمی ماہرین کے ساتھ ان کی بات ہو چکی ہے انہوں نے طلبہ کو مخاطب کر تے ہوئے واضح کر دیا کہ وہ دل لگا کر خوب پڑھیں اور اعلیٰ تعلیم حاصل کریں کیونکہ مستقبل میں آپ کا مقابلہ امریکہ اور بر طانیہ میں پڑھنے والوں سے ہو گا کیونکہ وہ ایک منظم حکومت عملی کے تحت تمہیں غلام بنا کر تمہارے وسائل پر قبضہ کر نے کی کوشش کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ وہ تعلیمی اصلاحات کے وعدے کو پورا کر کے دکھائیں گے میٹرک کے بعد طلبہ کو یہ اجازت ہو گی کہ وہ اپنی صلاحیت اور قابلیت کی بنیاد پر جس شعبے میں جانا چاہے جا سکتے ہیں اور میری یہ خواہش بھی ہے کہ دفاع کے بعد بجٹ کا زیادہ حصہ تعلیم پر خرچ کیا جاسکے کیونکہ اعلیٰ تعلیم ہی سے ہم معاشی تبدیلی لا کر سیاسی پختگی حاصل کر سکتے ہیں ایک مضبو ط اور متحد قوم کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں اور لوگوں میں احساس محرومیاں جڑ سے اکھاڑ سکتے ہیں ۔

سراج الحق نے کہا کہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ پورے عزم اور ولولے کے ساتھ نظریہ پاکستان کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑینگے۔ میرا عزم ہے کہ تعلیم سے محروم بچوں اور بچیوں کو پورا موقع فراہم کر سکوں تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت میں اپنا بھر پور کر دار ادا کر نے کے قابل ہو سکے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ سمیت کسی چیز کی کمی نہیں ہے ہم کو اللہ پاک نے چارموسم دیئے ہیں جس کے باعث ہم سارا سال پورے لگن کے ساتھ محنت و مشقت کر سکتے ہیں اسی طرح ہمارے ملک میں دریاؤں کی کوئی کمی نہیں ہے ان دریاؤں کے پانی کو استعمال میں لاتے ہوئے ہم لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ بنجرزمینوں کو سیراب بھی کر سکتے ہیں پاکستان چند شہروں کا نام نہیں بلکہ ایک عقیدے ، فلسفے اور نصب العین کا نام ہے پاکستان ہماری پہچان اور مستقبل ہے اور یہ ایک ایسا ملک ہے جو ایک نظریئے کی بنیاد پر قائم ہوا ہے اب ہم سب کو اس نظریئے کا تحفظ کرنا ہو گا انہوں نے جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ کے بانی و سابق صدر پاکستان غلام اسحاق خان (مرحوم) کو زبر دست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کر تے ہوئے طلبہ سے کہا کہ آپ ایک ایسے ادارے میں زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے ہمارے ملک کے ذہین ترین طلبہ جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ میں انجینئر نگ کے مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کر تے ہیں ۔

یہاں کے فیکلٹی ورلڈ کلاس ہے ریکٹر جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ جہانگیر بشر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جب سراج الحق متحدہ مجلس عمل کے دور حکومت میں سینئر صوبائی وزیر تھے تو انہوں نے مل کر کام کر تے ہوئے ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھا ہم سب کو ان کی قابلیت پر فخر ہے دریں اثناء بعد ازاں امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق جماعت اسلامی شاہ منصور کے دیرینہ رکن حاجی جمشید خان اورممبرصوبائی بار کونسل اور اسلامک لائیر مومنٹ ضلع صوابی کے صدر اعجازعلی خان ایڈوکیٹ کے والد راج ولی خان ایڈوکیٹ کے وفات پر اظہار تعزیت کے لئے ان کے رہائش گا ہ پہنچ گئے ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر معراج الدین خان ایڈوکیٹ ،امیر جماعت اسلامی ضلع صوابی و سابق ایم این اے محمد عثمان ایڈوکیٹ ،نائب امراء ضلع سعید زادہ یوسفزئی ، حکیم فضل وہاب ،محمد علی خان ،الخدمت فاؤنڈیشن ضلع صوابی کے صدر ہمایون خان ،شاہد زمان خان ،عماد الدین یوسفزئی ،محمد اشفاق ،وحیدمرادہمدردسمیت مقامی ذمہ داران وکارکنان بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے حاجی جمشید خان اور انکے بھائی کے و فات پرگہرے دکھ اور آفسوس کا اظہارکیا۔سراج الحق نے مرحوم کی دینی اور سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے انکے ایصال ثواب اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لئے دعا کیا ۔