جس سیاسی جماعت میں دہشتگرد ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور ہو گا اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی،عابد شیر علی، حکومت‘ مسلح افواج اور پاکستان کی غیور عوام ایک صف میں کھڑے ہیں، وہ آخری دہشت گرد کے ساتھ ساتھ ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں، گفتگو

منگل 24 مارچ 2015 10:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اور صوبائی دارالحکومتوں میں یوم پاکستان کی تقریب جس انداز سے عوام نے جوش و جذبہ سے منائی ہے اس سے دہشتگردوں کو واضح پیغام جاتا ہے کہ حکومت‘ مسلح افواج اور پاکستان کی غیور عوام ایک صف میں کھڑے ہیں اور وہ آخری دہشت گرد کے ساتھ ساتھ ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

عابد شیر علی نے یہ بات خبر رساں ادارے کو ایک خصوصی ملاقات میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں سیاسی استحکام اور معیشت کی بحالی کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی جسے روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا انشاء اللہ بہت جلد وہاں سے دہشتگردی‘ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کا خاتمہ ہو جائے گا اور کراچی ایک مرتبہ پھر روشنیوں کے شہر کے ساتھ ساتھ تجارت اور کاروباری عوام کے لئے ایک اچھا ماحول پیدا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عزم کر رکھا ہے کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا اور یہ بات واضح طور پر کہی جا سکتی ہے کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ دو سال کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی اور دیگر منصوبہ جات شروع کئے ہوئے ہیں اور شرح مہنگائی پہلے سے بہت کم ہے۔ عابد شیر علی نے مزید کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت میں جو بھی دہشتگرد ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور ہو گا اس سیاسی جماعت کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کسی جماعت کو یہ حق نہیں اور نہ پاکستان کا آئین اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں دہشتگرد‘ ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور رینجرز دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہی ہے اس آپریشن کا حکومت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے عوام کی بھی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت جلد تحریک انصاف کے مطالبے پر ٹربیونل قائم کر دے گی اور جس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ملک کی ترقی چاہتے ہیں جس کا واضح ثبوت گزشتہ دو سال کے دوران مہنگائی میں کمی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے اٹھائے گئے اقدام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیدنگ کے خاتمے کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے نتائج بہت جلد عوام کے سامنے ہونگے۔ عابد شیر علی نے مزید کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکے اس سلسلہ میں ایکسپورٹروں صنعتکاروں اور دیگر ٹیکسٹائل کے متعلقہ شعبوں میں ٹیکسوں میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ ان پر عائد دیگر ٹیکسوں میں بھی کمی کی جا رہی ہے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد ہونگے اور ان بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن واضع اکثریت سے کامیاب ہو گی۔

متعلقہ عنوان :