7سال بعد شاندار طریقے سے پریڈ کا انعقاد، براق طیاری، سکائی ڈائیورز کی فری فال، میزائلوں کی نمائش نے عوام کے دل جیت لئے

منگل 24 مارچ 2015 09:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مارچ۔2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر سات سال بعد شاندار طریقے سے پریڈ منعقد ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے جدید طیارے سلامی دینے کے بعد کرتب دکھاتے نظر آئے ‘ جدید ترین مسلح ڈرون لیزر گائیڈڈ میزائل پریڈ کا حصہ رہے ‘ بغیر پائلٹ براق طیارہ پہلی مرتبہ مسلح افواج کی پریڈ میں شریک ہوا ‘ تینوں مسلح افواج کے اسکائی ڈائیورز نے شاندار فری فال اور ایس ایس جی کمانڈوز کی جانب سے پیرا ٹروپنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ‘شیردل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کرکے داد وصول کی ‘ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیلی کاپٹرز بیل، ایم آئی17، کوبرا گن شپ، پوما ہیلی کاپٹرز وغیرہ نے فلائی پاسٹ میں شرکت کر کے عوام کے دل جیت لئے ‘ فلائنگ پاسٹ اور پیراٹروپنگ کے شاندار مظاہروں کے بعد بچوں نے خوبصورت قومی نغمے پیش کیے ‘ حاضرین میں حب الوطنی کا ایک نیا جذبہ جگا دیا ‘بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے ثقافتی فلوٹس نے سلامی پیش کی ‘پریڈ میں الخالد ٹینک، الضرار ٹینک فائر فائنڈر ریڈار، پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ، بابر کروز میزائل دستے اورپاکستان آرمی کی خواتین کی جانب سے سلامی دی گئی ‘ پورا پریڈ گراؤنڈ نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سات سال بعد ملک بھر میں 76 واں یوم پاکستان پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جس کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعاوٴں سے ہوا مرکزی تقریب اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں میں نیو پریڈ گراوٴنڈ میں منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے ‘ تقریب میں وزیر اعظم محمد نواز شریف ‘آرمی چیف جنرل راحیل شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ خان سمیت اعلی سول و فوجی حکام بھی شریک ہوئے۔

صدر ممنون حسین صدارتی بگھی میں بیٹھ کر پریڈ گراوٴنڈ پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ ہواتقریب کا آغاز مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین کو پاک فضائیہ کی جانب سے سلامی سے ہوا۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان نے ایف سولہ طیاروں کی قیادت کرتے ہوئے صدر کو سلامی پیش کی ایئر چیف مارشل سہیل امان فلائی پاسٹ کی قیادت کے بعد مہمانوں کے چبوترے پر واپس پہنچے جہاں صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیر دفاع سمیت دیگر مہمان یوم پاکستان پریڈ کا معائنہ کر رہے تھے جس کے بعد میراج،اواکس اور ساب طیاروں کی فارمیشنز نے بھی شاندار فلائی پاسٹ پیش کیا سات سال کے وقفے کے بعد منعقد ہونے والی پریڈ میں خواتین کا دستہ بھی شریک ہوا۔

پاک فضائیہ کے جدید طیارے سلامی دینے کے بعد کرتب دکھاتے نظر آئے۔تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں دو نئی اور خاص چیزیں جدید ترین مسلح ڈرون اور لیزر گائیڈڈ میزائل بھی پریڈ کا حصہ رہے۔بغیر پائلٹ براق طیارہ پہلی بار مسلح افواج کی پریڈ میں شریک ہوا۔یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے اسکائی ڈائیورز نے شاندار فری فال کا مظاہرہ کیا۔

ایس ایس جی کمانڈوز کی جانب سے پیرا ٹروپنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیاشیردل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کرکے داد وصول کی۔فری فال مظاہرے کے بعد میجر جنرل عابد رفیق نے صدر ممنون حسین کو سبز ہلالی پرچم پیش کیاپاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیارے کا شاندار فضائی مظاہرہ کیا کوبرا سمیت دیگر ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیل کاپٹرز بیل، ایم آئی17، کوبرا گن شپ، پوما ہیلی کاپٹرز وغیرہ نے فلائی پاسٹ میں شرکت کی کوبرا ہیلی کاپٹرز کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل منیر نے کی۔

واضح رہے کہ کوبرا ہیلی کاپٹرز کا سوات آپریشن اور شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں اہم کردار رہا ہے۔یوم پاکستان پریڈ میں ملک کے ثقافتی فلوٹس بھی شریک رہے ‘ سب سے پہلے آزاد کشمیر کا ثقافتی فلوٹ سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرا ۔جس کے بعد بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے ثقافتی فلوٹس نے بھی سلامی پیش کی۔تقریب کے دور ان پہلی مرتبہ سائنسی فلوٹ بھی یوم پاکستان پریڈ میں شامل کیا گیاالخالد اور الضرار ٹینکوں سمیت پاکستان آرمی کے مختلف ٹینکوں نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔

مہمانوں کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے ٹینکوں کی توپوں کا رخ زمین کی جانب کر دیا گیا تھا۔پاکستان آرمی، ایئر فورس، نیوی، فرنٹیئر کورپس، رینجرز، پولیس، بوائز اسکاوٴٹس اور گرلز گائیڈ کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا اور مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔پریڈ کمانڈر بریگیڈیئر خرم سرفراز نے پریڈ اور میجر احسن منصور نے علم بردار دستے کی قیادت کی۔

پریڈ میں الخالد ٹینک، الضرار ٹینک فائر فائنڈر ریڈار، پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ، بابر کروز میزائل دستے اورپاکستان آرمی کی خواتین نے بھی سلامی دی ۔میجر میمونہ کی قیادت میں خواتین کے دستے نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سلامی پیش کی اس موقع پر لوگ خواتین کے جذبہ سے متاثر نظرآئے ‘ فلائنگ پاسٹ اور پیراٹروپنگ کے شاندار مظاہروں کے بعد بچوں نے خوبصورت قومی نغمے پیش کیے اور حاضرین میں حب الوطنی کا ایک نیا جذبہ جگا دیا۔

یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی اور شہر میں بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیاپریڈ گراوٴنڈ جانے والے تمام راستوں کو دوپہر ایک بجے تک عام ٹریفک کے لیے بند رکھنے کے اعلان کے ساتھ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا گیا پریڈ ایونیو کے گرد و نواح میں موبائل فون سروس بھی کئی گھنٹے بند رہی