جیلوں میں ایم کیو ایم کے قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے معاملات صوبائی حکومت نے خود طے کئے تھے، 23مارچ کو دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں،کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو

پیر 23 مارچ 2015 09:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء)کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ جیلوں میں متحدہ قومی موومنٹ کے قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ایم کیوایم کے ساتھ معاملات صوبائی حکومت نے خود طے کئے تھے، 23مارچ کو دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں تاہم سیکیورٹی کے باعث انشاء اللہ 23مارچ کا دن پر امن گزرے گا۔اس سلسلے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں ،سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو کراچی آرٹس کونسل سے پریس کلب تک فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس انڈسٹری کے زیراہتمام کرپشن کے خلاف نکالی گئی ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے اب ہر آنے والا دن اچھا ہوگا میر اخواب ہے کہ کراچی کو پرامن بنادوں ۔

(جاری ہے)

کسی کو پولیس کے اہلکاروں کے حوالے سے شکایت ہے تو15نمبر پر کمپلینٹ کرے، میں سمجھتا ہوں کہ تھانہ کلچر میں تبدیلی آنا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو قانونی سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ قیدیوں کو قانونی سہولیات کی فراہمی ان کا حق ہوتا ہے، قیدیوں کی سہولیات کے لئے ایم کیوایم نے حکومت سے ملاقات کی تھی، تمام معاملات تحریری طور پر طے پائے گئے جس کے بعد ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کو سہولیات سے متعلق ایس او پی بنائی گئی۔قیدیوں کو جو سہولتیں دی گئی ہیں اس کا ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرئیر سمیت جو بھی کام غلط ہوگا اس کے خلاف آپریشن ہوگا۔ایم کیو ایم کے حوالے سے غلام قادر تھیبو نے کہا کہ کارکنوں کی گرفتاریوں کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے وفد نے مجھ سے ملاقات کا تھا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ہم ڈٹ کا مقابلہ کررہے ہیں اور خطرات سے نمٹنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔دہشت گردی کی وارداتوں میں ہمارے اہلکار شہید وزخمی ہوئے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ رینجرز اور برہانی مسجد دھماکے میں دو گروہ ملوث ہیں۔دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ہم سب کو ایک پیج پر ہونا ہوگا۔