خلیجی قائدین کی سعودی عرب آمد، شاہ سلمان سے انفرادی اور اجتماعی ملاقاتیں ، خطے کی موجودہ صورت حال بالخصوص یمن کے تازہ سیاسی بحران پر تبادلہ خیال

پیر 23 مارچ 2015 09:09

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء) خلیجی ممالک کی اہم حکومتی شخصیات نے سعودی عرب کے دورے کے د وران خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ان کے شاہی محل میں ملاقات کی ہے۔ انفرادی اور اجتماعی طورپر ہونے والی ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورت حال بالخصوص یمن کے تازہ سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق خلیجی ممالک کے قایدین کا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میں قائم العوجا شاہی محل میں استقبال کیا۔

ملاقات کے لیے آنے والوں میں بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ، ابو ظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈران چیف الشیخ محمد بن زاید آل نھیان، قطر کے وزیراعظم الشیخ عبداللہ بن ناصر آل ثانی اور کویت کے وزیراعظم الشیخ محمد الخالد الصباح شامل تھے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی”واس“ کے مطابق خلیجی ممالک کے اعلیٰ حکام کے دورہ ریاض کا مقصد خطے کے ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا اور خطے میں جاری بحرانوں سے نمٹنے کے لیے متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنے پرغور کرنا تھا۔

خیال رہے کہ خلیج ممالک کے رہ نماؤں کی ریاض آمد پر نائب ولی عہد محمد بن نایف، وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگراعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے موقع پر بھی سعودی عرب کی مرکزی قیادت موجود تھی ۔

متعلقہ عنوان :