وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان اور ہارون اختر خان کی ملاقات ،وزیراعلیٰ پنجاب کی دونوں بھائیوں کو (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت

پیر 23 مارچ 2015 08:54

لاہو ر( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان اور ہارون اختر خان نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ، وزیراعلیٰ پنجاب کی دونوں بھائیوں کو (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اتوار کو یہاں ہمایوں اختر خان کے گھر پر ان سے ملاقات ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دونوں بھائیوں نے ملک و قوم کیلئے بے شمار قربانیاں ہیں اور انہوں نے سیاسی میدان میں اپنا اہم کردار ادا کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ ترقی اور جمہوریت کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کیے ہیں اور ملک نے ہمیشہ جمہوری دور میں ترقی کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ (ن) لیگ نے ملک میں امن و امان کے قیام اور جمہوریت کے فروغ کیلئے بہت مشکل فیصلے کیے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت پسند اور نظریاتی افراد کی جماعت ہے اور اس میں جماعت میں مخلص اور جمہوریت پسند لوگوں کیلئے بے پناہ جگہ ہے ۔ اس موقع پر شہباز شریف نے ہمایوں اختر خان اور ہارون اختر خان کو پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرکے ملکی سیاست میں دوبارہ اپنا کردار ادا کریں ۔

اس موقع پر ہمایوں اختر خان اور ہارون اختر خان نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے جمہوری سفر کی تعریف کی اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ہر دو رمیں اسے بڑے چینلجز کا سامنا رہا ہے لیکن معیشت کی بہتری اور عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) عوام میں مزید مقبولیت اختیار کرتی جارہی ہے ۔ خان برادرز نے کہا کہ (ن) لیگ ایک حقیقی جمہوری جماعت ہے اور اس کی جمہوریت کے فروغ کیلئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر دونوں بھائیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے بہت جلد پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔